اسلام آباد،پشاور(اے بی این نیوز)محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے بالائی علاقوں، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کر دیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ رات کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ شام اور رات کے دوران دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، کوہاٹ، کرم اور ہنگو میں چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔
پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم رات کے اوقات میں مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، گجرات، گوجرانوالہ، اوکاڑہ، لاہور، شیخوپورہ، قصور اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور دن کے وقت گرم رہنے کا امکان ہے، جبکہ کراچی اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہ سکتا ہے۔
مزید پڑھیں۔پشاور کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے















