اہم خبریں

ٹرائی نیشن سیریز فائنل: فخر زمان کی سری لنکا کے خلاف دھواں دار سنچری

پاکستان کے اوپننگ بیٹر فخر زمان نے سری لنکا کے خلاف ٹرائی نیشن سیریز کے فائنل میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری اسکور کرلی۔ اس اننگز کے دوران انہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنے 4 ہزار رنز بھی مکمل کرلیے اور یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے 16ویں بیٹر بن گئے۔
36 سالہ فخر زمان نے یہ اہم سنگ میل اپنے کیریئر کے 97ویں ون ڈے میچ میں عبور کیا۔ انہوں نے فائنل میں صرف 84 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی اور مجموعی طور پر 99 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 127 رنز بنائے۔ ان کی جارحانہ اننگز کے باعث پاکستان کو ہدف کے تعاقب میں اہم سہارا ملا۔
فخر زمان کی 127 رنز کی اننگز ان کے ون ڈے کیریئر کی 12ویں سنچری ہے، جبکہ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے یہ ان کی چوتھی سنچری شمار ہوتی ہے۔ انہوں نے اپنی بیٹنگ سے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ بڑے مقابلوں میں ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

سری لنکا کے خلاف سنچری کے ساتھ فخر زمان نے ون ڈے انٹرنیشنل میں 4 ہزار رنز کا ہندسہ بھی عبور کرلیا۔ وہ اب تک 97 میچوں کی 96 اننگز میں مجموعی طور پر 4 ہزار 16 رنز بنا چکے ہیں۔
ان کے ون ڈے ریکارڈ میں 12 سنچریاں اور 20 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ اس طرح فخر زمان پاکستان کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں 4 ہزار رنز مکمل کرنے والے 16ویں بیٹر بن گئے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز سابق کپتان انضمام الحق کے پاس ہے۔ محمد یوسف اس فہرست میں دوسرے جبکہ سعید انور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

فخر زمان کی حالیہ سنچری اور 4 ہزار رنز کا سنگ میل ان کے ون ڈے کیریئر کی ایک اہم کامیابی ہے، جس نے ٹرائی نیشن سیریز کے فائنل میں ان کی انفرادی کارکردگی کو نمایاں کردیا۔

متعلقہ خبریں