منیلا (اے بی این نیوز) فلپائن میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باوجود ایک جوڑے نے گھٹنوں تک بھرے پانی میں شادی کرکے اپنی تقریب کو یادگار بنا دیا۔
منیلا کے سینٹ جان دی بپٹسٹ چرچ میں سیلابی پانی داخل ہونے کے باوجود دلہن لیان لیزا گالانگ سفید عروسی لباس اور پھولوں کا گلدستہ تھامے پانی سے گزرتے ہوئے چرچ پہنچیں، جہاں ان کی گلبرٹ چیکو کے ساتھ شادی ہوئی۔
دولہا گلبرٹ چیکو کا کہنا تھا کہ دونوں نے شادی کی مکمل تیاری کر رکھی تھی اور انہیں اس بات کی پرواہ نہیں تھی کہ عروسی لباس اور کوٹ بھیگ جائیں گے، کیونکہ وہ ہر صورت اپنی شادی مکمل کرنا چاہتے تھے۔
چرچ کے پادری نے مختصر تقریب کے دوران دونوں کو میاں بیوی قرار دیا، جس میں 15 سے بھی کم افراد نے شرکت کی۔
رپورٹس کے مطابق چرچ انتظامیہ نے بڑھتے ہوئے سیلاب کے پیش نظر جوڑے کو شادی مؤخر کرنے کا مشورہ دیا تھا، تاہم جوڑے نے تقریب جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ چرچ تقریباً ایک ماہ سے جزوی طور پر سیلابی پانی میں ڈوبا ہوا تھا۔
چرچ کے عملے نے بھی جوڑے کی خواہش کا احترام کرتے ہوئے تقریب کو ممکنہ حد تک یادگار بنانے میں تعاون کیا۔
رپورٹس کے مطابق فلپائن میں اگست کے دوران معمول سے زیادہ مون سون بارشوں کے باعث شمالی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلاب کے واقعات پیش آئے، جن کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک ہوئے۔
مزید پڑھیں: مصباح الحق مستعفی، پی سی بی میں بحران مزید گہرا، اسد شفیق کا بھی مستعفی ہونے پر غور















