گال ٹیسٹ کا تیسرا دن ختم، پاکستان 461 پر آؤٹ، سری لنکا پر 135 کی برتری

گال(نیوزڈیسک)گال ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے 14 رنز بنالیے، پاکستان کی برتری ختم کرنے میں اسے مزید 135 رنز درکار ہیں۔ سری لنکا کے کپتان دیموتھ کرونارتنے 6 اور نشان مدوشکا 8 رنز کے ساتھ چوتھے دن کے کھیل کا آغاز کریں گے۔ اس سے قبل پہلی اننگز میں پاکستان ٹیم 461 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل نے 208 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ جس کے ساتھ ہی قومی ٹیم کو ہوم ٹیم پر 149 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔ پاکستان ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز سے تیسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا۔ سعود شکیل نے آغا سلمان کے ساتھ تیسرے روز کھیل کا آغاز اسی انداز میں کیا جس طرح گزشتہ روز چھوڑا تھا۔دونوں کے درمیان 218 گیندوں پر 177 رنز کی زبردست شراکت قائم ہوئی جس نے میچ کا رخ تبدیل کردیا۔ سعود شکیل نے کھانے کے وقفے سے قبل اپنی سنچری مکمل کی، تاہم اس موقع پر آغا سلمان بدقسمت رہے اور 83 رنز بنا کر اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔ آغا سلمان کے آؤٹ ہونے کے بعد نعمان علی نے 25، شاہین آفریدی نے 9، نسیم شاہ نے 6 اور ابرار احمد نے 10 رنز کے ساتھ سعود شکیل کا ساتھ دیا۔ سعود شکیل نے اپنے کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری بنائی اور اس کے ساتھ ساتھ سری لنکا میں تاریخ بھی رقم کردی۔ سری لنکا کی جانب سے رمیش مینڈس نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ پراباتھ جےسوریا نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کسون رجیتھا اور وشوا فرنینڈو نے ایک ایک بیٹر کو پویلین کی راہ دکھائی۔واضح رہے کہ ابتدا میں جلد وکٹیں گنوانے کے باوجود سری لنکن ٹیم نے پہلی اننگز میں بورڈ پر 312 کا ٹوٹل سجایا۔میزبان ٹیم کی جانب سے دھننجایا ڈی سلوا 122 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔سری لنکا کے اینجلو میتھیوز نے 64 اور سدیرا سماراوکرما نے 36 رنز بنائے۔پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ آغا سلمان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔قومی ٹیم کے 5 کھلاڑی 101 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے تاہم آغا سلمان اور سعود شکیل ڈٹ گئے اور پاکستان نے دوسرے روز کے اختتام پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنا لیے ہیں۔