اہم خبریں

ایف بی آر میں 54 افسران کے تبادلے اور تقرریاں

محصولات کا دباؤ یا انتظامی اصلاحات؟ ایف بی آر میں 54 افسران کے تبادلے اور تقرریاں

اسلام آباد (رضوان عباسی) وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں اعلیٰ سطح پر بڑے پیمانے پر انتظامی ردوبدل کرتے ہوئے گریڈ 17 سے 21 تک کے 54 افسران کے تبادلوں اور تقرریوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ ان تبدیلیوں کے تحت ایف بی آر ہیڈکوارٹرز، ریجنل ٹیکس دفاتر، لارج ٹیکس پیئرز دفاتر اور اہم آپریشنل ونگز میں متعدد افسران کو نئی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ ٹیکس وصولیوں کے اہداف میں شارٹ فال اور محصولات کے دباؤ کے تناظر میں ایف بی آر کی یہ انتظامی تبدیلیاں خصوصی اہمیت اختیار کر گئی ہیں۔

ایف بی آر ریونیو ڈویژن کی جانب سے 13 نومبر 2026 کو جاری کردہ نوٹیفکیشن نمبر 2525-IR-I/2026 کے مطابق ان تبادلوں اور تعیناتیوں کا اطلاق فوری طور پر اور تاحکمِ ثانی ہوگا۔ نوٹیفکیشن کے تحت گریڈ 21 کے ڈاکٹر محمد سرمد قریشی، جو چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس ملتان تعینات تھے، کو ممبر سیلز ٹیکس اینڈ فیڈ (ٹیکنیکل) ایف بی آر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد مقرر کر دیا گیا ہے، جبکہ ڈاکٹر شاہ خان کو ممبر ایف بی آر ہیڈکوارٹرز سے تبدیل کرکے ڈائریکٹر جنرل ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ریونیو اینالیسز تعینات کیا گیا ہے۔

گریڈ 20 کے افسران میں بھی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ عبدالعزیز ناریجو کو ڈائریکٹر جنرل ریونیو اینالیسز کے عہدے سے تبدیل کرکے کمشنر ان لینڈ ریونیو اپیلز فور کراچی، عمران لطیف منہاس کو کمشنر ان لینڈ ریونیو اپیلز ٹو اسلام آباد، محمد انور کو چیف سیلز ٹیکس اینڈ فیڈ (ٹیکنیکل ٹو) جبکہ محمد شوکت حیات چیمہ کو کمشنر ان لینڈ ریونیو اپیلز سیون لاہور تعینات کیا گیا ہے۔

اسی طرح عبدالحفیظ نظامانی کو کمشنر ان لینڈ ریونیو ودہولڈنگ ٹیکس ریجنل ٹیکس آفس بہاولپور، جبران مسرور کو کمشنر ان لینڈ ریونیو اپیلز ون لاہور، ضیاء آگر کو کمشنر ان لینڈ ریونیو زون فور لارج ٹیکس پیئرز آفس کراچی جبکہ ریحان صفدر کو چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو ریجنل ٹیکس آفس ملتان تعینات کر دیا گیا ہے۔ ضیاء آگر کو کمشنر ریفنڈز لارج ٹیکس پیئرز آفس کراچی کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 19 کے افسران کی سطح پر بھی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ طارق حسین تونیو کو چیف سیلز ٹیکس اینڈ فیڈ (ٹیکنیکل ون) مقرر کیا گیا ہے، جبکہ انہیں چیف لیگل ایچ آر اور چیف پنشن سیل کا اضافی چارج بھی سونپا گیا ہے۔ علی منصور، تحسین صادق تارڑ، مختیار احمد شر، سعدیہ اکمل اور امان اللہ ورک سمیت متعدد افسران کو مختلف ریجنل ٹیکس دفاتر اور آپریشنل شعبوں میں نئی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔

ایف بی آر نے مختلف افسران کی تربیتی کورسز سے واپسی پر بھی نئی تعیناتیاں کی ہیں، جن میں محمد علی خان کو سیکریٹری بجٹ اینڈ ایکسپینڈیچر، امراء سرور اور صبا رحمت کو ایڈیشنل کمشنر ان لینڈ ریونیو جبکہ دیگر افسران کو لاہور، کراچی، اسلام آباد اور ساہیوال کے ٹیکس دفاتر میں تعینات کیا گیا ہے۔

گریڈ 18 کے متعدد ڈپٹی کمشنرز کو ایڈیشنل کمشنر ان لینڈ ریونیو کے عہدوں پر ترقیاتی و انتظامی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں، جبکہ بعض افسران کو سیلز ٹیکس اینڈ فیڈ ٹیکنیکل ونگ اور نیشنل فیس لیس سینٹر میں بھی تعینات کیا گیا ہے۔ گریڈ 17 کے افسران کی سطح پر بھی تبادلے کیے گئے ہیں اور بعض کو ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو میں نئی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ تبادلوں سے قبل پرفارمنس الاؤنس حاصل کرنے والے افسران نئی تعیناتی پر بھی یہ الاؤنس وصول کرتے رہیں گے۔ تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی سابقہ ذمہ داریوں سے سبکدوشی اور نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد چارج ریلیونکوشمنٹ اور اسامپشن کی رپورٹ فوری طور پر ایف بی آر ہیڈکوارٹرز بھجوائیں۔

ایف بی آر میں ہونے والی ان تبدیلیوں کو ٹیکس وصولی کے نظام، انتظامی کارکردگی اور مختلف ٹیکس ونگز کی فعالیت کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، تاہم نوٹیفکیشن میں ان تبادلوں کی وجوہات یا ٹیکس وصولیوں کے شارٹ فال سے ان کے براہِ راست تعلق کی وضاحت نہیں کی گئی۔
مزید پڑھیں‌:پی ایس ایل 12 کے لیے دی پنڈیز کا بڑا اعلان، نئے ہیڈ کوچ کا نام سامنے آگیا

متعلقہ خبریں