ماضی کے پی سی بی اعلیٰ عہدیداران نے ٹیسٹ میچز کیلئے غیرمعیاری پچز بنوائیں، نجم سیٹھی کا انکشاف

کراچی( نیوز ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ ماضی کے پی سی بی اعلیٰ عہدیداران نے ٹیسٹ کرکٹ میں غیرمعیاری پچز بنوائیں، وہ ٹیسٹ میچ ڈرا کے لیے کھیلنا چاہتے تھے ، پاکستان اب ہار یا جیت کی سوچ سے باہر نکل کر معیاری ٹیسٹ کرکٹ کھیلے گا۔ تفصیلات کے مطابق غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ شاہد آفریدی جارحانہ فیصلے کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں، ان جیسے کھلاڑی کو ہمیں سلیکشن کمیٹی میں شامل کرنے کی ضرورت تھی، وہ نئے ٹیلنٹ کو موقع دینے جیسے جارحانہ فیصلے کر سکتے ہیں، پاکستان کی وائٹ بال فارمیٹس کی ٹیم پی ایس ایل کی وجہ سے اچھی ہے، پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ گزشتہ چار سال سے تنزلی کا شکار رہی ہے، ماضی کے ڈومیسٹک اسٹرکچر کو ختم کر دیا گیا جس سے ٹیسٹ کرکٹرز ملتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شائقین کرکٹ کو ہار یا جیت سے کوئی غرض نہیں، وہ معیاری ٹیسٹ کرکٹ دیکھنا چاہتے ہیں، ماضی کے پی سی بی اعلیٰ عہدیداران نے ٹیسٹ کرکٹ میں غیرمعیاری پچز بنوائیں، وہ ٹیسٹ میچ ڈرا کے لیے کھیلنا چاہتے تھے ،انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف ڈرا کرنے کی سوچ کے باوجود ہم نے شکست کھالی، پاکستان اب ہار یا جیت کی سوچ سے باہر نکل کر معیاری ٹیسٹ کرکٹ کھیلے گا۔