اسلام آباد( اے بی این نیوز) وفاقی حکومت نے اسلام آباد کو خصوصی انتظامی حیثیت دینے اور نیا انتظامی ماڈل متعارف کرانے کی تیاری مکمل کرلی ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق اسلام آباد کو خصوصی حیثیت یا مثالی انتظامی یونٹ بنانے کی تجویز زیر غور ہے، جس کا انتظامی سربراہ میئر ہوگا۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ انتظامی یونٹ کے منتخب ارکان کی تعداد 25 سے 30 رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ نئے انتظامی ماڈل کے تحت اسلام آباد کی انتظامی اور جغرافیائی ہیئت میں تبدیلی کے ساتھ ساتھ وفاقی دارالحکومت کی حدود میں توسیع بھی تجویز کی گئی ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور، راولپنڈی کے بعض علاقوں اور ضلع مری کے حلقہ این اے 51 کے علاقوں کو اسلام آباد میں شامل کرنے کی تجاویز زیر غور ہیں۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ منصوبے کے تحت اسلام آباد کے انتظامی ڈھانچے کو نئے انداز میں تشکیل دیا جائے گا، جبکہ منتخب نمائندوں کے ذریعے مقامی سطح پر انتظامی امور چلانے کی تجویز بھی شامل ہے۔
حکومتی ذرائع نے بتایا کہ گوادر یا دیگر بندرگاہوں کو اسلام آباد کے انتظامی ڈھانچے میں شامل کرنے کی تجویز اب ترک کردی گئی ہے۔ تاہم اسلام آباد کی نئی انتظامی حیثیت اور حدود سے متعلق حتمی فیصلہ حکومت کی منظوری کے بعد ہوگا۔
مزید پڑھیں:درآمدی چینی 110 روپے کلو فروخت کرنے پر غور، قومی خزانے کو 8 ارب روپے نقصان کا خدشہ















