لاہور ( نیوز ڈیسک )پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے لئے قومی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان جلد متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق ویسٹ انڈیز کیخلاف پاکستان ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان ایک دو روزمیں متوقع ہے ، سکواڈ کیلئے قومی سلیکٹرزپہلےہی مشاورت مکمل کرچکے ہیں اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی منظوری کے بعد سکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ویسٹ انڈیزکے خلاف بھی سپنرزکے ساتھ اٹیک کرنے کی حکمت عملی تیار ہے،ایک سے دو نوجوان بیٹرز بھی سکواڈ میں شامل ہوسکتے ہیں تاہم سکواڈ میں فاسٹ بولرز کم ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق نعمان علی پہلے ہی سکواڈ میں شامل ہیں ، سکواڈ میں ساجد خان اور ابرار احمد کی واپسی ہوگی لیکن فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو آرام دیا جا رہا ہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی کی سکواڈ میں واپسی کا امکان نہیں۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ انجری کے باعث صائم ایوب اورحسیب اللہ سکواڈ سے باہرہوچکے ہیں تاہم امام الحق کے کم بیک کا امکان ہے ۔ واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف ملتان میں پہلا ٹیسٹ 17 اور دوسرا ٹیسٹ 25 جنوری سے شروع ہو گا۔
مزید پڑھیں: متحدہ عرب امارات کے صدراور مریم نواز کی فیک ویڈیوز ،تصاویر سوشل میڈیا پر پھیلانے والے 3 ملزم گرفتار