اسلام آباد (اے بی این نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا اور ہدایت کی ہے کہ کسی بھی علاقے میں 2 گھنٹے سے زیادہ بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔
وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں ملک میں بجلی کی لوڈ مینجمنٹ کا جائزہ لیا گیا، جبکہ موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں آر ایل این جی کی فراہمی سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور ترسیلی مشکلات کے باعث آر ایل این جی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں بجلی کی پیداوار میں کمی آئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ بجلی کی طلب اور رسد میں توازن برقرار رکھنے کے لیے مجبوری میں لوڈ مینجمنٹ کرنا پڑ رہی ہے۔
وزیراعظم نے آر ایل این جی کی ترسیل میں تعطل سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کرنے اور دستیاب تمام وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے واضح کیا کہ کسی بھی علاقے میں 2 گھنٹے سے زیادہ بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے ازالے کے لیے ریڈریسل کمیٹیوں میں عوامی نمائندگی بھی یقینی بنائی جائے۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے ایک ہفتے کے اندر بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی سطح پر صارفین کی شکایات کے ازالے کے لیے کمیٹیاں فعال کرنے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔
مزید پڑھیں:ملک میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی















