اسلام آباد (اے بی این نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے اہم کھلاڑی محمد رضوان اور امام الحق پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے آئندہ میچز نہیں کھیل سکیں گے۔
ذرائع کے مطابق محمد رضوان اور امام الحق نے اپنی متعلقہ ڈیپارٹمنٹل ٹیموں کو فٹنس ٹیسٹ نہیں دیے، جبکہ فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیموں کے لیے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لینا اور ان کی رپورٹ جمع کرانا لازمی قرار دے رکھا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کرکٹرز کی اپنے اپنے ڈیپارٹمنٹس کے پاس فٹنس ٹیسٹ کی کوئی رپورٹ موجود نہیں، جس کے باعث وہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے اہل نہیں رہے۔
محمد رضوان سوئی ناردرن گیس کے نائب کپتان ہیں۔ کپتان شان مسعود کی پہلے مرحلے میں عدم دستیابی کے باعث محمد رضوان کو ٹیم کی قیادت کرنا تھی۔
سوئی ناردرن گیس کا پہلا میچ اسٹیٹ بینک کے خلاف کل سے شیڈول ہے، تاہم فٹنس ٹیسٹ کی رپورٹ نہ ہونے کے باعث محمد رضوان اس میچ میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔
دوسری جانب امام الحق او جی ڈی سی کے کپتان ہیں اور ان کی ٹیم کا پہلا میچ بھی کل سے پی ٹی وی کے خلاف شیڈول ہے۔ فٹنس ٹیسٹ سے متعلق شرط پوری نہ ہونے کے باعث امام الحق بھی میچ نہیں کھیل سکیں گے۔
ذرائع کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کے لیے فٹنس ٹیسٹ اور اس کی رپورٹ جمع کرانے کی شرط پوری کرنا لازمی ہے۔
مزید پڑھیں:ربیع الثانی کا چاند کب نظر آئے گا؟ سپارکو نے اہم پیشگوئی کردی















