معروف اداکارستیش کوشک کی موت ،پولیس کا مشکوک ادویات برآمدکرنے کا دعویٰ

دہلی (نیوزڈیسک)پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ جس فارم ہاوس میں بھارتی اداکار ستیش کوشک کی موت واقع ہوئی تھی وہاں سے مشکوک ادویات برآمد ہوئی ہیں۔بھارتی میڈیا این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ہولی کھیلنے کے بعد دہلی کے علاقے بجواسن کے جس فارم ہاؤس پر ستیش کوشک نے دیگر اداکاروں کے ہمراہ پارٹی کی تھی وہاں سے ’مشکوک ادویات‘ برآمد ہوئی ہیں۔یاد رہے کہ اسی فارم ہاؤس میں ستیش کوشک دل کا دورہ پڑنے کی وجہ بے ہوش ہوگئے تھے جس کے بعد انہیں ہسپتال لے جایا گیا تاہم ان کی موت واقع ہوگئی، یہ فارم ہاؤس ستیش کوشک کے قریبی دوست وکاس مالو کا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی پولیس ان مشکوک دواؤں کی تحقیقات کررہی ہے، اس کے علاوہ پولیس ان 10 سے 12 لوگوں کی فہرست بھی تیار کررہی ہے جو ہولی کھیلنے کے لیے فارم ہاؤس میں موجود تھے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ ادویات کو ٹیسٹ کے لیے بھجوا دیا گیا ہے البتہ ستیش کوشک کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد اس بات کا تعین کیا جاسکے گا کہ آیا ان ادویات کا اداکار کی موت سے کوئی لینا دینا ہے یا نہیں، تاہم قبل ازیں ڈاکٹرز نے ستیش کوشک کی موت کو حرکت قلب بند ہونے کی وجہ قرار دیا ہے۔پولیس اس معاملے کی کئی زاویوں سے تفتیش شروع کر دی ہے، خیال کیا جا رہا ہے کہ موت کی وجہ جلد واضح ہو جائے گی۔.