اسلام آباد(نیوزڈیسک)سابق رہنماتحریک انصاف فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ فوجی تنصیبات پر حملہ ہو تو فوج ہی کارروائی کرے گی اور اپنے قانون کے مطابق ٹرائل کرے گی۔سلیکٹڈ لاڈلوں کو حسب ضرورت لانے کی ذمہ دار عدلیہ ہے، عدالت نے پہلے چیئرمین پی ٹی آئی کو صادق و امین اور نواز کو نااہل کیا بعد میں 50 روپے کے اسٹیمپ پیپر پر باہر بھیج دیا، عدالتی نظام بتاتا ہے یہ کالا تھا اب سفید ہوگیا اسے سلوٹ لگ رہے ہیں، کیا فوج نے ضمانت دی تھی؟ فوج نے جہاز میں بٹھا کر باہر بھیجا تھا؟نجی ٹی وی سے گفتگومیں فیصل واوڈا نے کہا کہ عسکری تنصیبات پر حملہ ہوگا تو فوج ہی کارروائی کر سکتی ہے، جاسوسی یا حملوں کی کھلی چھوٹ نہیں دی جا سکتی، کالعدم تنظیموں نے فوجی عدالتوں کے خلاف فیصلے کا خیر مقدم کیا، کھلی چھوٹ دی جا رہی ہے کہ کوئی بھی آ کر تنصیبات اڑا دے۔















