اسلام آباد (نیوزڈیسک)وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب و ہم آہنگی حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ اس وقت پوری دنیا میں سب سے اہم مسئلہ فلسطین کا ہے۔ فلسطین کے اسپتالوں پر حملے کیے جا رہے ہیں۔ لاکھوں کی تعداد میں فلسطینی مظلوم ہیں، اب 12 ہزار کے قریب شہید ہیں۔ یہ جنگ مسلم اور غیر مسلم کی نہیں بلکہ ظالم اور مظلوم کی جنگ ہے۔ وفاقی حکومت جو کچھ کرسکتی ہے وہ کر رہی ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلسطین کے الشفاء اسپتال کی بجلی تک بند کر دی گئی ہے۔ حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ وزیراعظم نے او آئی سی اجلاس میں اقوام متحدہ سے یہ جنگ روکنے کیلئے زور دیا۔ یہ مسئلہ فلسطین کا نہیں ہے بلکہ پوری مسلم اُمّہ کا ہے۔ انہوں نے کہا ہمارے سپہ سالار نے فلسطین کیلئے امداد بھی بھیجی ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔















