اسلام آباد(نیوزڈیسک)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے فنانس کے اجلاس میں افسران کے اثاثے پبلک کرنے کا مطالبہ کیا گیاہے ۔بدھ کو اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ کہا جا رہا ہے ایف بی آر کے لوگوں کے بے نامی اثاثے ہیں۔سینیٹر سعدیہ نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ کے اثاثے ظاہر کیے جاتے ہیں تو افسران کے بھی کرنے چاہئیں۔کمیٹی نے کہاکہ وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد افسران کے اثاثے پبلک کیے جائیں۔اس موقع پر چیئرمین ایف بی آر زبیر امجد ٹوانہ نے کہا کہ ایف بی آر میں تعیناتی اور ترقی کے موقع پر ملازمین کے اثاثے ظاہر کرنا ضروری ہے، اگر پتہ چلے کسی ملازم کے بے نامی اثاثے ہیں تو اس کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ یہاں سب سے اہم مسئلہ یہ بھی ہے کہ 25 ہزار ملازمین ہیں ہر ملازم کے اثاثے چیک کرنا آسان نہیں ہے۔















