Your theme is not active, some feature may not work. Buy a valid license from stylothemes.com

سازش کے تحت اقتدار سے ہٹایا گیا،مسلم لیگ ن بھاری مینڈیٹ کیساتھ اقتدار میں آئے گی، نوازشریف

جدہ (نیوزڈیسک) نواز شریف کا کہنا ہے کہ آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ ن بھاری مینڈیٹ لیکر اقتدار میں آئے گی۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت میں صنعتی شعبہ بہتر انداز میں چل رہا تھا جس سے لوگوں کو روزگار میسر تھا اور عالمی سطح پر تیزی سے ترقی کرتی ہوئی پاکستانی معیشت کو سراہا جا رہا تھا مگر ایک منظم سازش کرکے ہمیں اقتدار سے ہٹایا گیا۔جدہ میں مسلم لیگ ن سعودی عرب کے عہدیداروں نے نواز شریف سے ملاقات کی جس میں اراکین نے پارٹی قائد سے بھرپور انداز میں اظہار یکجہتی کیا۔اس موقع پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ 2013 کے بعد پاکستان ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن تھا، لوگوں کا معیار زندگی بہتر ہو رہا تھا جب کہ لوڈشیڈنگ سے نجات مل چکی تھی۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب میرے خلاف کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں ملا تو انہیں نااہل کر دیا گیا اور 2018 کے بعد ملک کو نااہل اور ناتجربہ کاروں کے حوالے کرکے ملک کی ترقی اور خوشحالی کا پہیہ رک گیا۔نواز شریف نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ ن بھاری اکثریت سے اقتدار میں آئے گی جس میں اوورسیز پاکستانیوں کا بھی اہم کردار ہوگا۔