اہم خبریں

نئے اہداف کے لیے ریسورسنگ کی رفتار کو متحرک کرتے ہوئے کاپ میں تبدیلی کا خواہاںہیں،سینیٹر شیری رحمان

اسلام آباد( اے بی این نیوز    )وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ سینیٹر شیری رحمان نے پاکستان کے دورے کی دعوت قبول کرنے پر کاپ ۔28 کے صدر اور متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے صنعت اور جدید ٹیکنالوجی سلطان احمد الجابر کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بامقصد اعلیٰ سطحی دورے نے متحدہ عرب امارات اور کاپ۔28 کی صدارت کے ساتھ وزارت موسمیاتی تبدیلی کے کلیدی پروگراموں اور اقدامات پر مشترکہ بنیاد فراہم کی ہے جس کا مقصد موسمیاتی لچک کو فروغ دینا، ماحولیاتی تحفظ، اخراج کو کم کرنا اور توانائی کی منصفانہ منتقلی کو فعال کرنا ہے۔ جمعرات کو دوطرفہ ملاقات کے بعد اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری بات چیت میں موافقت، تخفیف، ضیاع اور نقصان، مالیاتی اہداف کو مرکزیت حاصل تھی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی موجودگی میں متبادل توانائی سے متعلق مفاہمت نامے پر دستخط کیے گئے ہیں۔ کاپ ۔28 کے صدر اور متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے صنعت اور جدید ٹیکنالوجی سلطان احمد الجابر ایک روزہ سرکاری دورے پر جمعرات کو پاکستان آئے۔ شیری رحمان نے کہا کہ ہماری جانب سے کاپ۔28 سے متعلق پاکستان کی توقعات پر زور دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موجودہ اور نئے دونوں اہداف کے لیے ریسورسنگ کی رفتار کو متحرک کرتے ہوئے کاپ میں تبدیلی کا خواہاں ہے۔ عمل اور خواہش کے درمیان فرق کو اب پر کرنا ہوگا۔ ہم پیرس میں طے شدہ ہدف اور فنڈنگ ​​کے وعدوں کی تکمیل سے دور ہیں، اسے بدلنا چاہیے۔ شیری رحمان نے کہا کہ ایک جامع عمل اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے کہ کوئی بھی پیچھے نہ رہے تاکہ موسمیاتی بحران تمام ممالک کے لیے خطرہ نہ بن جائے۔ انہوں نے کہا کہ مالیاتی نظام کی اصلاح کے لیے بھی زور دیا گیا ہے تاکہ سرمائے اور ٹیک استعداد کے نئے اور اضافی ذرائع کے ساتھ، موسمیاتی فنڈنگ ​​کو بڑھایا جائے، ساتھ ہی ساتھ پرائیویٹ سیکٹر کو فنانسنگ اور صلاحیت سازی میں لچک، موافقت اور تخفیف کی کوششوں کے لیے شراکت دار کے طور پر شامل کیا جائے۔

متعلقہ خبریں