اسلام آباد(اے بی این نیوز )وفاقی وزیر پارلیمانی امورمرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ ہمارے قائد محمد نوازشریف کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ کبھی ملکی مفادات پر سمجھوتہ نہیں کیا، پاکستان کو سب سے زیادہ ترقی دینے والی پارٹی پاکستان مسلم لیگ ہی ہے،ہمارے پاس الزامات تراشی کرنے والوں کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں لیکن ہماری قیادت نے ہمیں روک رکھا ہے۔وہ تحصیل لورا سوشل میڈیا ٹیم کے اراکین سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کررہے تھے۔سیکرٹری جنرل پاکستان مسلم لیگ ن کے پی کے مرتضیٰ جاوید عباسی نے مزید کہا کہ تحصیل لورا میں پارٹی کو ناقابل تسخیر بنانے میں سوشل میڈیا ایکٹویسٹ کا کلیدی کردار ہے، دنیا اس وقت گلوبل ویلیج بن چکی ہے، سوشل میڈیا کے مثبت استعمال سے مسلم لیگ ن کا پیغام گھر گھر پہنچانے کا سفر جاری ہے۔ انہوں نیکہا کہ ن لیگ سوشل میڈیاٹیم میں شامل نوجوانوں کا جذبہ قابل ستائش ہے، سوشل میڈیا پر پارٹی کا دفاع اور بیانیے کو فروغ دینے والوں سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نیکہا کہ 9 سالوں سے کے پی کے عوام کو ترقیاتی منصوبوں، تعلیمی اداروں اور بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا، سابق ایم پی اے نے تحصیل لورا کی منظور شدہ ترقیاتی سکیمیں کئی اور منتقل کرکے علاقے کے عوام سے زیادتی کی، وہاں کے عوام ان سے پوچھ رہے ہیں کہ یہ کیسی سیاست ہے؟ انہوں نے سوشل میڈیا ٹیم کو ہدایت دی کہ سیاست اور مقابلے میں ہار جیت ہوتی ہے لیکن کسی مرحلے میں جھوٹ کا سہارا نہیں لینا۔نوجوان سوشل میڈیا پرصاف گوئی،سچائی اور دلیل کے ساتھ حقائق عوام کے سامنے رکھیں، اس سے جھوٹ،الزام تراشی اور گھٹیا زبان استعمال کرنے والے بے نقاب ہوجائیں گے۔وفاقی وزیر مرتضیٰ جاوید عباسی نے تحصیل لورا کی سوشل میڈیا ٹیم کے عہدیداروں میں نوٹیفکیشن بھی تقسیم کئے۔















