پشاور( اے بی این نیوز) خیبر پختونخوا حکومت نے اٹارنی کیڈر افسران کے لیے بڑا مالی ریلیف دیتے ہوئے ان کے پرفارمنس الاؤنس میں 100 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کی باضابطہ منظوری صوبائی کابینہ کے اجلاس میں دی گئی۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اٹارنی کیڈر افسران کو اب پرفارمنس الاؤنس 2022 کی ابتدائی بنیادی تنخواہ کے برابر ادا کیا جائے گا، جبکہ اس سے قبل یہ الاؤنس 60 فیصد کی شرح سے دیا جا رہا تھا۔ تاہم حکومت نے واضح کیا ہے کہ اس الاؤنس میں پنشن اور گریجویٹی شامل نہیں ہوں گی اور یہ انکم ٹیکس کے دائرہ کار میں بھی آئے گا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایکسٹرا آرڈنری چھٹی، طویل رخصت یا معطلی کے دوران متعلقہ افسران پرفارمنس الاؤنس کے مستحق نہیں ہوں گے۔
حکومت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ غیر اٹارنی کیڈر افسران، مارکیٹ بیسڈ تنخواہوں پر تعینات ملازمین یا خصوصی پیکیج کے تحت خدمات انجام دینے والے افسران اس الاؤنس سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔
خیبر پختونخوا حکومت نے اس فیصلے کے ساتھ اس معاملے سے متعلق جاری کیے گئے تمام سابقہ احکامات اور نوٹیفکیشن بھی منسوخ کر دیے ہیں، جبکہ نئی پالیسی کا فوری طور پر اطلاق کر دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:سونا اور چاندی سستے، آج کے نئے نرخ جاری















