اہم خبریں

بڑی خبر،پرائیویٹ سکولوں کے لیے نئے حکومتی احکامات جاری

بڑی خبر،پرائیویٹ سکولوں کے لیے نئے حکومتی احکامات جاری

لاہور( اے بی این نیوز)‌ پنجاب حکومت نے پرائیویٹ سکولوں کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ سے متعلق پالیسی میں اہم نرمی کر دی ہے۔ محکمہ سکول ایجوکیشن نے نئی پالیسی کے تحت سی اینڈ ڈبلیو (کمیونیکیشن اینڈ ورکس) سے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی لازمی شرط ختم کرتے ہوئے متبادل طریقہ کار کی منظوری دے دی ہے۔

محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اب پنجاب بھر کے پرائیویٹ سکول پاکستان انجینئرنگ کونسل (PEC) کے کسی بھی رجسٹرڈ سول انجینئر یا رجسٹرڈ انجینئرنگ فرم سے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے، جسے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ باقاعدہ طور پر قبول کرے گا۔

حکام کے مطابق سکول رجسٹریشن اور تجدید رجسٹریشن کے عمل میں بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ ایک لازمی دستاویز ہے، جس کا مقصد تعلیمی اداروں کی عمارتوں کو طلبہ، اساتذہ اور دیگر عملے کے لیے محفوظ بنانا ہے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ طارق محمود نے تمام پرائیویٹ سکولوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ نئی پالیسی کے مطابق جلد از جلد بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کریں تاکہ رجسٹریشن کے عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب بھر کے تمام پرائیویٹ تعلیمی ادارے نئی ہدایات پر فوری عمل درآمد یقینی بنائیں، جبکہ محکمہ سکول ایجوکیشن نے تمام ضلعی رجسٹریشن اتھارٹیز کو بھی نئی پالیسی پر سختی سے عمل کرانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

حکومت کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے پرائیویٹ سکولوں کو فٹنس سرٹیفکیٹ کے حصول میں آسانی ہوگی، جبکہ تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی حفاظت اور معیار کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔
مزید پڑھیں‌:سرکاری ملازمین کی موجیں،الاؤنس بڑھانے کا فیصلہ سامنے آگیا

متعلقہ خبریں