اسلام آباد: کیپٹل پٹرولز یونٹ کے نام سے وفاقی دارالحکومت میں پولیس کے ایک نئے یونٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈالفن فورس کا نام تبدیل کرکے اسے کیپٹل پٹرولز یونٹ قرار دیا گیا ہے، جبکہ اس یونٹ کی استعداد بڑھانے کے لیے نئی گاڑیوں اور اضافی اہلکاروں کی بھی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئے کیپٹل پٹرولز یونٹ کو 100 نئی گاڑیاں فراہم کی جائیں گی تاکہ گشت، فوری رسپانس اور امن و امان کی صورتحال کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
اس کے علاوہ 100 پولیس اہلکاروں کے تبادلے بھی کر دیے گئے ہیں۔ نئے یونٹ میں سب انسپکٹر (ایس آئی)، اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) اور ہیڈ کانسٹیبلز کو شامل کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان اہلکاروں کا انتخاب اسلام آباد کے مختلف تھانوں، سیکیورٹی ڈویژن، انویسٹی گیشن ڈویژن، ٹریفک پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) سے کیا گیا ہے تاکہ یونٹ کو تجربہ کار افرادی قوت میسر آ سکے۔
مزید برآں، اے ایس آئی انیلہ وارث کو نئے یونٹ میں چینی شہریوں اور منصوبوں سے متعلق امور کے لیے فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے، تاکہ غیر ملکی شہریوں خصوصاً چینی باشندوں کو درپیش سیکیورٹی معاملات پر بہتر رابطہ اور سہولت فراہم کی جا سکے۔
پولیس ذرائع کے مطابق نئے یونٹ کے قیام کا مقصد وفاقی دارالحکومت میں گشت کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا، جرائم کی روک تھام کو مؤثر بنانا اور شہریوں کو بروقت پولیس خدمات فراہم کرنا ہے۔















