اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) لیبیا سے اٹلی جانے والوں کی کشتی ڈوبنے و ہلاکتوں کیس میں ایف آئی اے کی تحقیقات میں ہوشربا انکشافات سامنے آگئے،انسانی اسمگلنگ میں ملوث اسمگلرز کے تانے بانے پاکستان سے لیکر لیبیا اور اٹلی میں مقیم نیٹ ورک تک جانکلے ،۔گجرات سے تعلق رکھنے والا سعید عرف سعید سنیارا لیبیا اور اٹلی میں مقیم دو بیٹوں کی ملی بھگت سے انسانی اسمگلنگ کا چھ رکنی نیٹ ورک چلاتا رہا۔
ایف آئی اے نے مرکزی ملزم کی گرفتاری کےبعد بیرون ممالک سے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس جاری کرنے کا عمل شروع کر دیا ،مرکزی ملزم سعید عرف سنیارا و گروہ کے خلاف منی لانڈرنگ کے تحت بھی کارروائی کا آغاز کردیا۔گجرات کا سعید سنیارا نامی انسانی اسمگلرلیبیا اور اٹلی میں مقیم دو بیٹوں کے ساتھ مل کر چھ رکنی انسانی اسمگلنگ کا نیٹ ورک چلانے میں ملوث ہے ۔ ایف آئی اے کے مطابق سعید سنیارا کے چھ رکنی گروہ میں اسکا لیبیا میں مقیم بیٹا حمزہ سنیارا، اٹلی میں مقیم بیٹا بلال سنیارا، آفاق صفدر، لیبیا میں مقیم گجرات سے کاشف سنیارا،، لیبیا میں مقیم فرحان علی شامل ہیں۔















