اسلام آباد(اے بی این نیوز ) وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت آج (بدھ ) کو فنانس ڈویڑن میں سول ایوی ایشن کے بارے میں اجلاس منعقد ہواجس میں پر وفاقی وزیر برائے ہوا بازی و ریلوے خواجہ سعد رفیق، وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ،اٹارنی جنرل آف پاکستان، منصور عثمان اعوان، سیکرٹری ایوی ایشن، سیکرٹری قانون و انصاف، ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی ( سی اے اے)، ڈی جی سی اے اے اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں اے ایس ایف اور فنانس اور ایوی ایشن کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔سیکرٹری ایوی ایشن نے اجلاس کے صاحب صدر کو ایوی ایشن سیکٹر کو درپیش مسائل کے بارے میں آگاہ کیا جن میں ریگولیشن، سروس کی فراہمی، سکیورٹی اور ایوی ایشن میں سرکاری استعداد کار بڑھانے سے متعلق امور شامل تھے۔اجلاس میں سروس کی فراہمی کو متاثر کیے بغیر ان مسائل کو حل کرنے اور پاکستان میں ہوا بازی کے معیار کو بین الاقوامی طریقوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے دانشمندانہ طریقوں اور امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ایوی ایشن سیکٹر کو اس سلسلے میں درپیش قانونی اور مالی رکاوٹوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور دستیاب امکانات اور مواقع پر غور کیا گیا۔ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ملک میں ایوی ایشن کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات اور کوششوں کو سراہا اور ایوی ایشن کے شعبے کی مدد کا عزم کیا اور ہدایت کی کہ پاکستان ایئر لائنز کی جانب سے مناسب اور برمحل اقدامات کیے جائیں تاکہ امریکا، برطانیہ دیگر ممالک اور یورپ کے لیے پروازیں جلد از جلد دوبارہ شروع کی جاسکیں۔















