لاہور (اے بی این نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹس کی تازہ ترین پلیئر رینکنگ جاری کر دی ہے جس میں متعدد پاکستانی کھلاڑیوں نے نمایاں ترقی کرتے ہوئے عالمی رینکنگ میں اپنی پوزیشن بہتر کی ہے۔
ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم ایک درجے بہتری کے ساتھ چھٹے جب کہ سلمان علی آغا دو درجے ترقی کے ساتھ 16ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل بدستور سرفہرست ہیں جب کہ بھارتی کپتان صرف ایک ریٹنگ پوائنٹ کے فرق سے دوسرے نمبر پر ہیں۔
ون ڈے بولنگ رینکنگ میں پاکستان کے اسپنر ابرار احمد نے اپنی دوسری پوزیشن برقرار رکھی ہے جب کہ قومی کپتان شاہین شاہ آفریدی دو درجے ترقی کرکے ساتویں نمبر پر آگئے ہیں۔ فاسٹ باؤلر حارث رؤف بھی دو درجے ترقی کے بعد پہلی بار ٹاپ 20 ون ڈے باؤلرز میں شامل ہو گئے۔
ابرار احمد بھی ٹی ٹوئنٹی بولرز کی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر براجمان ہیں جب کہ افغانستان کے راشد خان بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔ پاکستان کے محمد نواز دسویں اور سلمان مرزا سولہویں نمبر پر ہیں۔
ون ڈے آل راؤنڈرز کی فہرست میں سلمان علی آغا ایک درجہ تنزلی کے ساتھ 12 ویں نمبر پر آگئے ہیں جب کہ شاہین شاہ آفریدی ایک درجہ ترقی کر کے پہلی بار ٹاپ 20 آل راؤنڈرز میں جگہ بنا چکے ہیں۔
دوسری جانب صاحبزادہ فرحان نے ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ میں تیسری پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز کی فہرست میں زمبابوے کے سکندر رضا پہلے، پاکستان کے صائم ایوب دوسرے اور محمد نواز دسویں نمبر پر ہیں۔
آئی سی سی کی تازہ ترین رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی مجموعی کارکردگی کو جہاں قومی ٹیم کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے وہیں کئی اہم کھلاڑیوں نے مختلف شعبوں میں عالمی سطح پر اپنی پوزیشن کو مزید مضبوط کیا ہے۔
مزید پڑھیں:خوشخبری،انفارمیشن گروپ میں نئی آسامیوں کی منظوری















