اہم خبریں

توشہ خانہ کے ریکارڈ سے وزیراعظم اور نائب وزیراعظم کے تحائف کی تفصیلات سامنے آگئیں

توشہ خانہ کے ریکارڈ سے وزیراعظم اور نائب وزیراعظم کے تحائف کی تفصیلات سامنے آگئیں

اسلام آباد (رضوان عباسی ) وزیراعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کو اپریل سے جون 2026 کے دوران مختلف غیر ملکی شخصیات اور وفود کی جانب سے پیش کیے گئے سرکاری تحائف کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، جنہیں اے بی این نیوز نے حاصل کیا ہے۔

کابینہ ڈویژن کی دستاویزات کے مطابق مذکورہ عرصے میں موصول ہونے والے تمام تحائف کابینہ ڈویژن کے پاس جمع کرا دیے گئے ہیں، جبکہ ان کی مالیت کے تعین (ویلیوایشن) کا عمل تاحال جاری ہے۔

دستاویزات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو مختلف ممالک کے سربراہان اور اعلیٰ شخصیات کی جانب سے شوگر باؤل، گاڑی کا فریم شدہ ماڈل، شیلڈز، قلم، کف لنکس، ٹائی، کافی کپ اور واٹر گلاس سیٹ، چائے کے کپ اور ساسرز، واز، روایتی ایرانی فیروزہ اِنلے دستکاری پر مشتمل پانچ پیس سیٹ، روایتی چینی اسکرول پینٹنگ، چائنا اسپیس اسٹیشن کا ماڈل اور دیگر یادگاری سووینئرز بطور تحفہ پیش کیے گئے۔

اسی طرح نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کو مصری مجسمے کا ماڈل، مسجد نبوی ﷺ کا ماڈل، کف لنکس اور دیگر یادگاری تحائف موصول ہوئے، جو کابینہ ڈویژن کے ریکارڈ کا حصہ ہیں۔

دستاویزات کے مطابق ڈپٹی چیف آف پروٹوکول محمد ارسلان میر کو بھی ایک قیمتی ڈائمنڈ کلیکشن رِسٹ واچ بطور سرکاری تحفہ موصول ہوئی، جس کی ویلیوایشن بھی جاری ہے۔

کابینہ ڈویژن کا کہنا ہے کہ تمام تحائف توشہ خانہ کے قواعد و ضوابط کے مطابق وصول کر لیے گئے ہیں اور ان کی مالیت کا تعین مکمل ہونے کے بعد قانون اور توشہ خانہ قواعد کے مطابق آئندہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مزید پڑھیں‌:ایران معاہدے کیلئے بھیک مارنگ رہا ہے،امریکی وزیرخارجہ

متعلقہ خبریں