اہم خبریں

پی ٹی آئی رہنماؤں نے ہماری جماعت میں شمولیت کیلئے رابطہ کیا ہے، چوہدری شجاعت حسین

اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سے الگ ہونے والے تمام ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے لیے ہماری جماعت کے دروازے کھلے ہیں، لیکن صرف محب وطن لوگوں کو قبول کریں گے۔نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی کے لیے شہید ہونے والے پاک فوج کے جوان قوم کا فخر ہیں، ان شہدا کے خون کو ہر گز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف کے کئی رہنماؤں نے ہماری جماعت میں شمولیت کے لیے رابطہ کیا ہے، عنقریب بڑے نام ہماری جماعت میں شامل ہوتے نظر آئیں گے۔مسلم لیگی رہنما نے کہا کہ وہ آخر تک پرویز الہٰی کے تحریک انصاف میں جانے کے خلاف تھے۔ انہوں نے کہاکہ وہ اب بھی سمجھتے ہیں کہ یہ ایک غلط سیاسی فیصلہ تھا۔ تاہم وہ بطور جمہوری سیاستدان تحریک انصاف پر پابندی کے خلاف ہیں۔شجاعت حسین نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ تحریک انصاف انتہا پسندی کے راستے پر چلنے کے بجائے بات چیت کا راستہ اپنائے۔ انہوںنے کہا کہ 9 مئی کو پاک فوج نے دانشمندی کا فیصلہ کرکے ملک کو بڑے خون خرابے سے بچایا ہے جس کا تحریک انصاف کے کارکنوں نے ناجائز فائدہ اٹھایا۔ان کا کہنا تھاکہ ملک کے سیاسی و معاشی حالات کو سنبھالنے کے بعد حکومت الیکشن کی جانب جاسکتی ہے جس کے لیے ہم حکومت کی حمایت کریں گے۔

متعلقہ خبریں