کیلیفورنیا (اے بی این نیوز) امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان ڈیاگو میں امریکی ایف 35 بی لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ یو ایس میرین ایئر کرافٹ گروپ 11 کے مطابق، ایک سیٹ والا F-35B لڑاکا طیارہ مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے کے قریب کیلیفورنیا میں میرین کور ایئر اسٹیشن کے رن وے پر پہنچنے سے پہلے گر کر تباہ ہو گیا۔
امریکی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ پائلٹ نے طیارے سے پیراشوٹ کیا اور اسے معمولی زخموں کی حالت میں قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ حادثے کے بعد ہوائی اڈے کے فائر فائٹرز نے طیارے کے ملبے اور اس کے ارد گرد پھیلی ہوئی گھاس کی آگ پر قابو پالیا۔
طیارہ گرنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی جبکہ امریکی فوج نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ واضح رہے کہ F-35B لائٹننگ II کو دنیا کے جدید ترین اسٹیلتھ لڑاکا طیاروں میں شمار کیا جاتا ہے، جو روایتی انداز کے ساتھ ساتھ عمودی لینڈنگ کی بھی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس طیارے کی قیمت 102 ملین امریکی ڈالر کے لگ بھگ ہے اور اسے امریکی میرین کور، برطانوی اور اطالوی فضائیہ استعمال کرتی ہے۔
مزید پڑھیں:چکن، مٹن اور بیف کی سرکاری قیمتیں جاری،عوام پریشان















