گوجرانوالہ(اے بی این نیوز)وفاقی وزیر توانائی(پاور ڈویژن) انجینئر خرم دستگیر خاں نے کہا ہے کہ لوگوں کی زندگیوں میں روشنی بکھیرنے اور فرض کی راہ میں شہید ہونے والے گیپکو ملازمین کی خدمات سنہری حروف میں لکھے جانے کے قابل ہیں، دوران ڈیوٹی وفات پانے والے ملازمین کے بچوں کو نوکری دینا محکمہ کا ایک احسن اقدام اور مرحومین کی خدمات کا اعتراف ہے۔ اِن خیالات کا اظہار انہوں نے دورانِ ڈیوٹی فوت ہونے والے گیپکو ملازمین کے بچوں کوتقرری نامے دینے کیلئے گیپکو ہیڈ کوارٹرمیں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں چیئرمین گیپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز محمد شعیب بٹ، چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد ایوب، ڈائریکٹر جنرل ایچ آر اینڈ ایڈمن جلیل الرحمن، مینجر ایڈمن محمد ذیشان ستار، مینجر ایچ آر غلام غوث،پی ایس او تصدق ایوب، رانا جہانگیر، پاکستان واپڈا ہائیڈڑو ورکرز یونین کے ریجنل چیئرمین ولی الرحمن خاں سمیت گیپکو افسران، یونین نمائندگان و ملازمین کی کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔انجینئر خرم دستگیر خاں نے کہا کہ آج کے اس مشکل دور میں دورانِ نوکری وفات پا جانے والے ملازمین کے بچوں کو اشتہار اور امتحان کے بغیر محض تعلیمی قابلیت کی بنیاد پر نوکریاں دینا متاثرہ خاندانوں کیلئے بہت بڑی سہولت ہے جبکہ حقداروں کو بروقت انکا حق بہم پہنچانے کیلئے گیپکو انتظامیہ بھی مبارکباد کی مستحق ہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے نئے بھرتی ہونے والے ملازمین کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی نوکری کو اللہ کا انعام اور اپنے مرحوم والدین کی محکمانہ خدمات کا اعتراف سمجھتے ہوئے اپنے کام کے ساتھ بھرپور انصاف کریں اوراپنے کام کو عبادت سمجھ کر کریں گے تودنیا میں توقیر ملے گی اور آخرت بھی سنور جائے گی۔تقریب کے آخر میں وفاقی وزیر د ورانِ ملازمت وفات پانے والے 33گیپکوملازمین کے لواحقین کو تقرری نامے دیئے۔















