اہم خبریں

ے نظیر بھٹو اپنے نام کی طرح بے نظیر تھیں، وہ آخری سانس تک وفاق کی زنجیر بن کر پاکستان کے اتحاد، ترقی اور خوشحالی کے لئے برسرپیکار رہیں، مریم اورنگزیب

اسلام آباد(نیوز ڈیسک  )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن محترمہ بے نظیر بھٹو کو ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو شہید اپنے نام کی طرح بے نظیر تھیں، انہوں نے صبر آزما حالات میں بھی ایک بہادر بیٹی، ماں، اہلیہ اور بہن کے رشتے بڑی خوبی اور جرأت سے نبھائے، بےنظیر بھٹو سیاست میں تدبر، بہادری اور جدوجہد کی روشن مثال ہیں، وہ آخری سانس تک وفاق کی زنجیر بن کر پاکستان کے اتحاد، ترقی اور خوشحالی کے لئے برسرپیکار رہیں۔ منگل کو بے نظیر بھٹو کے یوم شہادت پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بے نظیر بھٹو خواتین سیاسی کارکنوں کے لئے ایک تحریک کا درجہ رکھتی تھیں جنہوں نے ہمیشہ آمریت کو للکارا۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے ذاتی زندگی میں بھی بہت دکھ سہے لیکن مشکلات ان کی سیاسی و جمہوری جدوجہد کو مزید طاقتور اور توانا بناتی گئیں۔ آئین، پارلیمنٹ، جمہوریت، عوامی حقوق اور سماجی بہتری کے لئے بے نظیر بھٹو شہید کی جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، ان کی شہادت پاکستان کا بہت بڑا نقصان تھا جسے قوم کبھی بھلا نہیں سکے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج کے دن سابق صدر آصف علی زرداری کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ”پاکستان کھپے“ کا نعرہ لگا کر پاکستان کے اتحاد کو مزید مضبوط بنایا تھا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے سابق صدر آصف علی زرداری، بلاول، بختاور اور آصفہ بھٹو سمیت تمام اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید بے نظیر بھٹو کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ ترین مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔

متعلقہ خبریں