پیپلز پارٹی اور کارکنان 15 سال بعد بھی اپنی قائد کے قتل کیس میں انصاف کے منتظر ہیں،شیری رحمن

اسلام آباد( نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ شہید بے نظیربھٹو کی زندگی عوام، آئین، پارلیمان اور ملک کے خاطر سیاسی جدوجہد ان کے نام کی طرح بینظیر ہے۔منگل کو اپنے ٹویٹس میں وفاقی وزیر نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے 15ویں یوم شہادت پر ان کو سلام پیش کرتی ہوں، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا قتل انسانیت کا قتل تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم سے ہماری قائد اور اس ملک سے اس کا مستقبل چھینا گیا، شہید بی بی پاکستان کے عوام کیلئے ایک امید تھیں، قاتلوں نے عوام سے ان کی امید چھین لی۔‏شہید بی بی تمام صوبوں کی زنجیر تھیں، قاتلوں نے ان کو قتل کرکے ملک کو توڑنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر اس سازش کو ناکام بنایا، شہید بی بی نے نظربندی، قید، جلاوطنی اور دیگر سختیاں برداشت کی،اپنے والد، بھائیوں اور کارکنان کے جنازے اٹھائے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ‏ان کی زندگی عوام، آئین، پارلیمان اور ملک کے خاطر سیاسی جدوجہد ان کے نام کی طرح بےنظیر ہے، ہماری قائد اور مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم کو دن دہاڑے بے دردی سے قتل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا خاندان، پیپلز پارٹی اور کارکنان 15 سال بعد بھی اپنی قائد کے قتل کیس میں انصاف کے منتظر ہیں۔