عالمی بینک کی معاشی اصلاحات کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف

اسلام آباد(اے بی این نیوز     )عالمی بینک نے پاکستان میں سیلاب کے بعد بحالی اورتعمیرنوکے تمام منصوبوں پرتیزی سے پیش رفت اورملک میں معاشی اصلاحات کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہاہے اس سے کلی معیشت کے استحکام کو یقینی بنانے میں مددملے گی۔یہ بات جنوبی ایشیاکیلئے عالمی بینک کے نائب صدرمارٹن ریزرنے وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ویڈیو لنک پر میٹنگ میں کہی ہے ۔یہ میٹنگ عالمی بینک اورآئی ایم ایف کے سالانہ اجلاس کے موقع پرہوئی، وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، معاون خصوصی طارق باجوہ، معاون خصوصی طارق محمود پاشا، چیئرمین ایف بی آر، سپیشل سیکرٹری خزانہ اسلام آباد سے جلاس میں ورچوئل طورپر شریک ہوئے۔ جبکہ امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود احمد خان، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، سیکرٹری خزانہ حامدیعقوب شیخ اورسیکرٹری اقتصادی امورڈویژن واشنگٹن میں میٹنگ میں موجود رہے۔وزیر خزانہ نے عالمی بینک کے نائب صدر کو بینک کے تعاون سے چلنے والی اصلاحات بالخصوص رائز ٹو پروگرام کے بارے میں آگاہ کیا جس کے تحت جنرل سیلز ٹیکس کو ہم آہنگ کیا جارہاہے۔ وزیرخزانہ نے سیلاب کے بعد بحالی اور تعمیر نو میں پاکستان کی مدد کرنے پر عالمی بینک کی ٹیم کا شکریہ بھی ادا کیا۔ مارٹن ریزر نے سیلاب سے متعلقہ تمام منصوبوں پرتیزی سے پیش رفت کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے رائز پروگرام کے تحت اصلاحات کی تکمیل پر پاکستان کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا اورکہاکہ اس سے ملک میں کلی معیشت کے استحکام کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔