اہم خبریں

حکومت نے 11ماہ میں عوام کا بھرکس نکال دیا ہے، فرخ حبیب

لاہور(اے بی این نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ حکومت نے 11ماہ کے اندر عوام کا بھرکس نکال دیا ہے، ایک طرف انتخابات کا شیڈول آ چکا ہے، دوسری جانب 22 کروڑ عوام کے لیڈر کو ریلی کی اجازت نہیں دی جا رہی،بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ لاہور میں دفعہ 144نافذ کر دی گئی ہے، فاشسٹ، امپورٹڈ حکومت ملک میں خون ریزی چاہتی ہے، ان کا راولپنڈی میں بھی خون ریزی کا پلان تھا،فرخ حبیب نے کہا کہ آج انہوں نے پولیس کے ذریعے گلوکریسی کرائی، پولیس کے ذریعے ریاستی جبر کرایا، پولیس نے ڈنڈوں سے لوگوں کی گاڑیوں کے شیشے توڑے، نگران حکومت سے کہتا ہوں راستوں کو فوری کھولیں،پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ انتخابی شیڈول کا اعلان ہو چکا ہے، اب عمران خان کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا، راجن پور کے انتخاب میں سب کی آنکھیں کھل چکی ہیں، حکومت نے 11ماہ کے اندر عوام کا بھرکس نکال دیا ہے،فرخ حبیب نے کہا کہ کارکن پرامن رہیں، ان کی سازش کا شکار نہیں ہونا، یہ تصادم کے ذریعے لاشیں گرا کر انتخابات کو ملتوی کرانا چاہتے ہیں، نواز شریف کے لندن پلان کو ہم نے کامیاب نہیں ہونے دینا،انہوں نے کہا کہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر قوانین کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، خواتین کے عالمی دن کے موقع پر خواتین پر تشدد کیا گیا، کارکن زمان پارک پہنچیں، قانونی طریقے سے بھی امپورٹڈ حکومت کا مقابلہ کریں گے۔

متعلقہ خبریں