لیڈز(اے بی این نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم انجری کے باعث انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے، ان کی جگہ سلمان علی آغا قومی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
پاکستان ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے لیڈز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تصدیق کی کہ بابر اعظم پہلے ٹیسٹ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ میڈیکل ٹیم بابر اعظم کی انجری کا جائزہ لے رہی ہے اور امید ہے کہ وہ دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان نے پریکٹس میچ میں کامیابی حاصل کی ہے جس سے ٹیم کا اعتماد بڑھا ہے، امید ہے کہ انگلینڈ کے خلاف بھی قومی ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ پلیئنگ الیون کے حوالے سے ابھی فیصلہ کیا جائے گا کہ کس کمبینیشن کے ساتھ میدان میں اترا جائے۔ محمد عباس ان کنڈیشنز میں پاکستان کے لیے اہم بولر ہوں گے، جبکہ شان مسعود پہلے ٹیسٹ کے لیے مکمل طور پر فٹ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں نے بھرپور محنت کی ہے اور بابر اعظم کی غیر موجودگی کے باوجود ٹیم پُراعتماد ہے۔
سرفراز احمد کے مطابق بابر اعظم پہلے ٹیسٹ میں حصہ نہیں لے رہے، تاہم وہ فارم میں ہیں۔ سعود شکیل سمیت دیگر بیٹرز بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور امید ہے کہ مڈل آرڈر انگلینڈ کے خلاف اچھا کھیل پیش کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر بابر اعظم ٹیم میں ہوتے تو مختلف کمبینیشنز آزمانے کی کوشش کی جاتی، تاہم اہم کھلاڑی کی عدم موجودگی ایک دھچکا ضرور ہے، لیکن تمام کھلاڑی پُراعتماد ہیں۔
مزید پڑھیں:بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی کا فیصلہ، جیل حکام کی بڑی خبر سامنے آگئی















