کراچی (اے بی این نیوز) سندھ کے سکولوں میں اساتذہ اور دیگر عملے کی حاضری یقینی بنانے کے لیے فیشل ریکگنیشن اٹینڈنس مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سسٹم متعارف کرا دیا گیا ہے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی سندھ کے مطابق نئے نظام کے تحت سکولوں میں اساتذہ اور نان ٹیچنگ سٹاف کی حاضری فیشل ریکگنیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے مانیٹر کی جائے گی۔

صوبائی وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ نے بتایا کہ نئے نظام کا پائلٹ مرحلہ صوبے کے 6 اضلاع میں شروع کردیا گیا ہے۔ صوبے کے ہر ڈویژن سے ایک ضلع منتخب کیا گیا ہے، جن میں کراچی ایسٹ، حیدرآباد، نوشہرو فیروز، جیکب آباد، گھوٹکی اور عمرکوٹ شامل ہیں۔
پہلے مرحلے میں 49 ہزار 565 تدریسی اور نان ٹیچنگ اسٹاف کی حاضری جدید فیشل ریکگنیشن سسٹم کے ذریعے مانیٹر کی جائے گی۔
نئے نظام کی اہم خصوصیت یہ ہے کہ انٹرنیٹ دستیاب نہ ہونے کی صورت میں بھی عملے کی حاضری درج کی جاسکے گی۔
صوبائی وزیر تعلیم سردار علی شاہ کے مطابق یہ محض حاضری کا نظام نہیں بلکہ سکولوں میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کی جانب اہم اقدام ہے۔ اس نظام کے ذریعے اسکولوں میں اساتذہ کی دستیابی اور حاضری کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
مزید پڑھیں:معروف اداکارہ میرا پر ملازمہ کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام، ویڈیو سامنے آگئی















