شیخوپورہ(اے بی این نیوز )مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ ثاقب نثار نے 22 کروڑ عوام کی قسمت بدعنوان، نالائق، نااہل عمران خان کے حوالے کی۔شیخوپورہ میں مسلم لیگ (ن) کے تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ڈیم والا بابا پاکستان کیلئے بابا زحمت ثابت ہوا، ڈیم والے بابے نے کسی کی خواہش پر یا آئین کے مطابق انصاف کرنا تھا، بابا بولے گا کچھ لوگ کون تھے، یہ وہی کچھ لوگ تھے جو شوکت صدیقی کے گھر گئے تھے، ڈیم والا بابا قوم کو بتائے جنرل (ر) فیض حمید تھا، ڈیم والا بابا ابھی بھی پورا سچ نہیں بول رہا ہے، قوم کو بتاؤ کس طرح نواز شریف کو تاحیات نااہل کیا۔ جس نے سچ بولنا ہوتا ہے مرنے کا انتظار نہیں کرتا، مرنے کا انتظار وہ شخص کرتا ہے جو کالے کرتوں کا سامنا نہیں کرنا چاہتا، لطیفہ سنو کہتا ہے میرا وٹس ایپ ہیک ہو گیا ہے، اب پتا ہے پول کھلنے والے ہیں، بدنام زمانہ جے آئی ٹی جب بنی تھی تب وٹس ایپ ہیک نہیں ہوا، تمہارے فیصلوں سے غریب کا مستقبل ہیک ہو گیا۔ قوم کے بچوں کا مستقبل اندھیرے میں دھکیل کر اس کو اپنے بچوں کی فکر لاحق ہے، قوم کے بچے رل گئے اور اس کا بیٹا لندن میں عیش کر رہا ہے، آپ سب کو مبارک ہو کل ثاقب نثار کہتا ہے عمران کو صادق و امین کا پورا سرٹیفکیٹ نہیں دیا تھا، کیا کوئی صداقت اور امانت کا آدھا سرٹیفکیٹ ہوتا ہے۔مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے مزید کہا کہ جب سے مقدمات شروع ہوئے عمران خان گھر سے نہیں نکلا، چھتوں کے پلستر اتر جاتے ہیں 5 ماہ سے اس کا پلستر نہیں اتر رہا، آج عدالت میں اس کی پیشی تھی وکلا نے کہا کہ عمران معذور ہے عدالت نہیں آ سکتا، بہادری نہیں آتی تو نواز شریف سے ادھار لے لو، کینسر کے مریضوں، پلیٹ لیٹس، کمر درد کا مذاق اڑانے والا آج بیماری کا بہانہ کر رہا ہے۔انہوں نے کہا اگر بیماری کا بہانہ کرنا تھا تو ایسی بیماری کا بہانہ لگاتے جس کا ہم نام لے لیتے، کبھی کہتا ہے معذور، کبھی کہتا ہے عمر 72 سال ہے، 72 سال کا بزرگ چوریاں کر سکتا ہے تو جیل کیوں نہیں جا سکتا، نواز شریف اور عمران خان ایک ہی عمر کے ہیں، کیا کبھی نواز شریف کو بیماری کا بہانہ کرتے دیکھا، کیا کبھی نواز شریف نے کہا بیمار اور معذور ہوں عدالت نہیں آسکتا۔مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر میدان سے اٹھا کر باہر پھینکا، میرے پاس کوئی عہدہ نہیں تھا مجھے 10سال کیلئے نااہل کیا گیا، ڈیم والے بابا نے چن چن کر (ن) لیگیوں کو نااہل کیا، کرسی پر بیٹھ کر فرعون بنا ہوا تھا، ثاقب نثار کہتا ہے مرنے کے بعد کتاب شائع کروں گا، اس وقت موت یاد نہیں تھی جب بے گناہ شخص کو سزا دی، اس وقت موت یاد نہیں تھی جب تم نے تحریک انصاف کی کمپین چلائی۔















