اسلام آباد(اے بی این نیوز ) الیکشن کمیشن نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو پارٹی سربراہی سے ہٹانے کی درخواست خارج کر دی۔عمران خان نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے سپیکر کی جانب سے دائر ریفرنس پر ڈی سیٹ کیا، اس کے بعد قومی اسمبلی کا الیکشن بھی لڑا۔ مزید کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے پاناما کیس میں نواز شریف کے خلاف نااہلی کا ڈکلریشن دیا تھا، عمران خان کے خلاف کسی فورم نے نااہلی کا کوئی ڈکلریشن نہیں دیا، نااہلی کے ڈیکلریشن کے بعد ہی پارٹی سربراہی سے ہٹایا جا سکتا ہے، الیکشن کمیشن پارٹی سربراہی سے ہٹانے کا مقدمہ خارج کرے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ الیکشن کمیشن کو حتمی فیصلے سے روک چکی ہے، وقت کا ضیاع روکنے کیلئے سماعت ہائی کورٹ کے فیصلے تک روکی جائے۔چیف الیکشن کمشنر نے درخواست گزار کی سرزنش کی اور کہا کہ کسی پر انگلی نہ اٹھائیں، اپنی آواز بھی نیچے رکھیں اور صرف کیس پر بات کریں، آپ کیا کہنا چاہتے ہیں؟درخواست گزار نے کہا کہ آپ جو سننا چاہتے ہیں وہ کہہ دیتا ہوں، جس پر چیف الیکشن کمشنر نے درخواست گزار کو عدالت سے باہر نکالنے کا حکم دے دیا۔















