فیصل آباد(اے بی این نیوز )وزیراعظم کی مشیر برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ خواتین کی نمائندگی ملکی ترقی کیلئے انتہائی ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہائر ایجوکیشن کمیشن اور گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کے اشتراک سے گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت والی بال کے دو روزہ منعقدہ ٹرائلز کی اختتامی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔انھوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں اور ہم وزیراعظم پاکستان کی قیادت میں نوجوانوں کو باہنر اور باعمل بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ پرائم منسٹریوتھ پروگرام کے بارے میں نوجوانوں کو آگاہی دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام سال 2013 میں نوجوانوں کی فلاح کیلئے شروع کیا گیا تھا۔ اس پروگرام میں پرائم منسٹریوتھ لون اسکیم، پرائم منسٹرلیپ ٹاپ اسکیم، ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ اسپورٹس لیگ، گرین یوتھ موومنٹ، یوتھ ڈویلپمنٹ سنٹر جیسےپراجیکٹس ہیں جو نوجوانوں کوبااختیار بنانے کی جانب حکومتی ترجیح کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔انہوں نے ڈائریکٹراسپورٹس گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد فہمیدہ ایوب اورڈائریکٹراسپورٹس گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ عطیہ الطاف کو کامیاب ٹرائلز کے انعقاد پرسراہا۔ پرائم منسٹریوتھ پروگرام کے تحت ہائیرایجوکیشن کمیشن جامعات کے اشتراک سے ملک بھر کے پچیس مقامات پر والی بال کے ٹرائلز منعقد کر رہا ہے، ان ٹرائلز میں بہترین کھیل دکھانے والے کھلاڑیوں کو اپنے صوبے کی نمائندگی کرنے کا موقع دیا جائے گا، اس کے بعد کوچنگ کیمپس میں ٹریننگ کروانے کے بعد کھلاڑیوں کو نیشنل والی بال لیگ میں شرکت کا موقع ملے گا۔وائس چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر روبینہ فاروق (تمغہ امتیاز) نیڈائریکٹر سپورٹس جی سی ڈبلیو یو ایف فہمیدہ ایوب اور ان کی ٹیم کوشاباش دی اور کہا کہ وہ ٹیم کی بہترین کارگرد گی کیلئے ہر فارم پر سہولیات فراہم کریں گی تاکہ باصلاحیت طالبات قومی سطح پر ملک کی نمائندگی کر سکیں۔















