اہم خبریں

فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے الیکشن نہ ہونے کی وجہ سے فنڈز روکے ہوئےہیں،وفاقی وزیر احسان مزاری

اسلام آباد (اے بی این نیوز   )وفاقی وزیر بین الصوباٸی رابطہ احسان مزاری سے پاکستان فٹبال فیڈریشن نارملاٸزیشن کمیٹی کے سربراہ ہارون ملک ملاقات میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کے الیکشن کیلٸے کوٸی ٹاٸم فریم نہ دے سکے۔ تفصیلات کے مطابق ہارون ملک کی وفاقی وزیر احسان مزاری سے ملاقات میں وفاقی سیکرٹری بین الصوباٸی رابطہ احمد حنیف اورکزٸی ، قاٸم مقام ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ محمد ابرار بھی موجود تھے جس میں پاکستان میں فٹبال فیڈریشن کے جلد الیکشن کے انعقاد اور فٹبال کھیل کی ترقی کیلٸے بات چیت کی گٸی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے وفاقی وزیر احسان مزاری نے کہا کہ فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے الیکشن نہ ہونے کی وجہ سے فنڈز روکے ہوے ہیں ، ہم پاکستان میں فٹبال کا فروغ چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ اصل اسٹیک ہولڈرز کو اونرشپ ملے جبکہ کوشش ہے کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے الیکشن جلد ہو ۔ فٹبال فیڈریشن نارملاٸزیشن کمیٹی کے سربراہ ہارون ملک نے کہا کہ ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن کے الیکشن 15 مٸی کو ہونگے ، فٹبال فیڈریشن نارملاٸزیشن کمیٹی کی مدت 30جون 2023کو مکمل ہو رہی ہے جبکہ 30جون تک پاکستان فٹبال فیڈریشن کے الیکشن کروانا ممکن نہیں ، ہارون ملک نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ڈسٹرکٹ ایسوسی ایشن کے الیکشن کروا رہے ہیں وفاقی وزیر احسان مزاری اور وزارت ہمیں بھرپور سپورٹ کر رہی ہے ، پاکستان فٹبال فیڈریشن کے الیکشن کے حوالے سے آٸین واضح ہے، ،ہارون ملک نے کہا کہ چار صوبے ، آٹھ ڈیپارٹمنٹس کے پاس ووٹنگ راٸٹس ہونگے۔

متعلقہ خبریں