اسلام آباد (اے بی این نیوز) محکمہ موسمیات نے آج رات اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر، بالائی و وسطی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی کردی ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کے روز اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، بالائی پنجاب، کشمیر، بالائی و وسطی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود سے ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، اس دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
خیبرپختونخوا میں بارش کا امکان
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع دیر، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، خیبر، باجوڑ، مہمند، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، صوابی، نوشہرہ، پشاور، ہنگو، اورکزئی، کرک، کرم، کوہاٹ اور وزیرستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، صوابی، نوشہرہ اور پشاور میں موسلادھار بارش بھی متوقع ہے، جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
پنجاب کے مختلف اضلاع متاثر ہونے کا امکان
پنجاب کے بیشتر اضلاع راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، گجرات، جہلم، منگلا، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، شیخوپورہ اور اوکاڑہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خطہ پوٹھوہار، گجرات، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور اور شیخوپورہ میں موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شام یا رات کے اوقات میں سرگودھا، میانوالی، بھکر، خوشاب، چنیوٹ، فیصل آباد اور ڈیرہ غازی خان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
سندھ اور بلوچستان کا موسم
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے جبکہ ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، تاہم شام یا رات کے وقت بارکھان، ژوب، موسیٰ خیل اور خضدار میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش متوقع
کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ کشمیر میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دالبندین میں 45 اور سبی، دادو اور چلاس میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج رات سے 20 اگست کے دوران موسلادھار بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، مردان، صوابی، پشاور، نوشہرہ، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
اس دوران کشمیر، مری، گلیات اور اسلام آباد و راولپنڈی کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خطرہ ہے۔
خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں موسلادھار بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:رابرٹو کارلوس کے قبول اسلام کی خبریں، شادی سے تعلق کی حقیقت بھی سامنے آگئی















