اہم خبریں

سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات 326 ارب روپے تک پہنچ گئے

سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات 326 ارب روپے تک پہنچ گئے

اسلام آباد (رضوان عباسی) سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے نقصانات ایک مالی سال کے دوران 326 ارب روپے تک پہنچ گئے، وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ کی توانائی کمیٹی کے اجلاس میں پیش کی گئی رپورٹ میں ڈسکوز کے نقصانات سے متعلق اہم اعداد و شمار سامنے آگئے۔

رپورٹ کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران ڈسکوز کے مجموعی نقصانات 326 ارب روپے ریکارڈ کیے گئے۔ ان میں بجلی چوری اور ڈسکوز کی نااہلی کے باعث ہونے والے نقصانات 262 ارب روپے جبکہ بجلی کی وصولیوں میں کمی سے ہونے والے نقصانات 64 ارب روپے رہے۔

دستاویز کے مطابق مالی سال 2024-25 کے مقابلے میں 2025-26 کے دوران ڈسکوز کے مجموعی نقصانات میں 71 ارب روپے کی کمی ہوئی۔ مالی سال 2024-25 میں سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے مجموعی نقصانات 397 ارب روپے ریکارڈ کیے گئے تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2023-24 میں ڈسکوز کے مجموعی نقصانات 591 ارب روپے تک پہنچ گئے تھے، جبکہ 2024-25 میں سالانہ بنیادوں پر نقصانات میں 194 ارب روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

حکام کے مطابق ڈسکوز کے نقصانات میں مسلسل کمی کے باوجود بجلی چوری، لائن لاسز اور کم وصولیوں کے باعث قومی خزانے کو ہونے والا مالی نقصان اب بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کی تقسیم کے نظام میں بہتری، بجلی چوری کی روک تھام اور وصولیوں میں اضافے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ ڈسکوز کے نقصانات کو مزید کم کیا جاسکے۔
مزید پڑھیں‌:ایتھوپیا کے سفیر کی وفاقی وزیر غذائی تحفظ رانا تنویر حسین سے ملاقات

متعلقہ خبریں