اہم خبریں

ایران امریکا کشیدگی برقرار، متحدہ عرب امارات کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا

ایران امریکا کشیدگی برقرار، متحدہ عرب امارات کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا

دبئی (اے بی این نیوز) ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی علاقائی کشیدگی کے درمیان متحدہ عرب امارات نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ایران کے ساتھ تمام تجارتی سرگرمیاں، تجارتی تبادلے اور مالی لین دین تاحکمِ ثانی معطل کرنے کا اعلان کردیا۔

اماراتی وزارت خارجہ کے مطابق یہ فیصلہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور علاقائی و عالمی امن و سلامتی کو لاحق خطرات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

وزارتِ خارجہ کی ڈائریکٹر برائے اسٹریٹجک کمیونیکیشنز افرا الحمّلی نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال خطے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے بھی خطرات پیدا کر رہی ہے۔

متحدہ عرب امارات نے کہا کہ وہ امن، مذاکرات، تعاون اور علاقائی انضمام کے لیے پرعزم ہے، جبکہ بین الاقوامی مالیاتی نظام کی سالمیت کا تحفظ بھی اس کی ترجیحات میں شامل ہے۔

ایران اور متحدہ عرب امارات کے درمیان طویل عرصے سے اہم تجارتی و مالی روابط موجود رہے ہیں، اس لیے تجارتی سرگرمیوں اور مالی لین دین کی معطلی سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور ادائیگیوں پر نمایاں اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔

یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی میں دوبارہ اضافہ ہوا ہے۔ متحدہ عرب امارات نے حالیہ میزائل واقعے کے حوالے سے ایران پر الزام عائد کیا ہے، تاہم ایران نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔
مزید پڑھیں‌:ڈیزل کی قیمت میں بڑی کمی کا فیصلہ، وزیر پیٹرولیم نے خوشخبری سنا دی

متعلقہ خبریں