اسلام آباد (نیوز ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے صدروزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ ضیا محی الدین اپنی ذات میں ایک فن پارہ تھے،ان کے مخصوص انداز نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں دھوم مچائی،افسوس! خوبصورت خوبیوں کا مالک شخص معاشرے سے کوچ کر گیا، ان کی صلاحیتوں اور خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ،وزیراعظم نے کہاکہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے ۔ وفاقی وزیر و چیئر پرسن بی آئی ایس پی شازیہ مری نے ضیا محی الدین کے انتقال پر گہرے غم و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضیا محی الدین بہترین اداکار اور اعلی پائے کے کمپیئر تھے، مرحوم علم، ادب، و فن صداکاری اور اداکاری کے حوالہ سے ایک ادارے کا درجہ رکھتے تھے۔ضیا محی الدین کی علمی اور فنی خدمات کو مدتوں یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے اللہ تعالی سے مرحوم کے لئے بلندئ درجات اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے معروف اداکار، ہدایت کار اور میزبان ضیا محی الدین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضیامحی الدین ایک ایسی ادبی شخصیت تھے جن کے پڑھنے اور بولنے کے ڈھنگ کو عالمی شہرت نصیب ہوئی، ضیامحی الدین نے پاکستان سے باہر جا کر بھی تھیٹر اور فلموں میں کام کر کے پاکستان کا نام روشن کیا۔انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن سے پائل، چچا چھکن، ضیا کے ساتھ اور جو جانے وہ جیتے جیسے مشہور پروگرام پیش کئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپنی خوبصورت آواز میں اردو ادب کے فن پارے پیش کر کے ضیا محی الدین نے خوب نام کمایا ۔ مرحوم کی شو بز انڈسٹری کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے ضیا محی الدین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام اور سوگوار لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔















