امریکا (اے بی این نیوز) امریکا اور کینیڈا کی معروف فٹبال لیگ میجر لیگ سوکر (ایم ایل ایس) نے حریف کھلاڑی کو تھپڑ مارنے پر انٹر میامی کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی پر جرمانہ عائد کردیا۔
19 اگست کو انٹر میامی اور فلاڈیلفیا یونین کے درمیان کھیلا گیا میچ 2-2 سے برابر رہا، تاہم میچ کے اختتامی لمحات میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی۔
ایم ایل ایس کی ڈسپلنری کمیٹی کے مطابق میسی نے فلاڈیلفیا یونین کے مڈفیلڈر کوئن سلیوان کی گردن پر ہاتھ مارا، جو لیگ کی ڈسپلنری پالیسی کی خلاف ورزی ہے۔ تاہم میسی پر عائد جرمانے کی رقم ظاہر نہیں کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق میچ کے دوران میسی اور کوئن سلیوان کے درمیان تلخی ہوئی تھی۔ میسی کا مؤقف تھا کہ پاس دینے کے بعد سلیوان نے انہیں کہنی ماری تھی۔ ریفری نے دونوں کھلاڑیوں کو الگ کیا، تاہم بعد میں میسی نے سلیوان کی گردن پر ہاتھ مار دیا۔
میسی کے علاوہ انٹر میامی کے کھلاڑی ایان فرے پر بھی کوئن سلیوان سے الجھنے پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
میچ کے اضافی وقت میں صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی اور ہاتھا پائی کے بعد انٹر میامی کے یانک برائٹ اور فلاڈیلفیا یونین کے کیون سلیوان کو ریڈ کارڈ دکھایا گیا۔ تاہم بعد ازاں نظرثانی کے بعد کیون سلیوان کا ریڈ کارڈ منسوخ کردیا گیا۔
دوسری جانب میچ میں لیونل میسی نے انٹر میامی کی جانب سے ایک گول بھی کیا، جو لیگ میں کلب کے لیے ان کا دوسرا گول تھا۔
واضح رہے کہ لیونل میسی 2023 میں انٹر میامی کا حصہ بنے تھے۔ کلب میں ان کے سابق بارسلونا ساتھی لوئس سواریز، سرجیو بسکیٹس اور جورڈی البا بھی کھیل چکے ہیں۔
مزید پڑھیں:بیکن ہاؤس نیشنل یونیورسٹی کو چیریٹی ادارہ قرار دینے کا بل کمیٹی میں زیر بحث















