راولپنڈی (اے بی این نیوز)راولپنڈی میں شوہر نے ملازم اور والد کے ساتھ مل کر بیوی کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق خاتون کے قتل کا واقعہ تھانہ سول لائن کے علاقے لال کرتی میں پیش آیا، خاتون کی لاش گھر کے باتھ روم سے برآمد ہوئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 9 ماہ پہلے مقتولہ کی شادی ہوئی تھی، قتل کے الزام میں مقتولہ کا شوہر اور گھریلو ملازم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
مدعی مقدمہ کے مطابق لاش کے ہاتھ پیچھے کی جانب بندھے ہوئے تھے اور منہ پر کپڑا بھی بندھا تھا، بہن کے سسر کی کال آئی، گھر پہنچا تو بہن کی لاش باتھ روم میں پڑی تھی، ملزمان نے قتل کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی۔

مقتولہ کے بھائی کا کہنا ہے کہ بہن کا شوہر پہلے بھی ہماری بہن کو اذیتیں دیتا رہا ہے، ملزم کی خاتون کے ساتھ دوسری شادی تھی، پہلی بیوی طلاق لے چکی تھی۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ حنا کا پوسٹ مارٹم کیا گیا ہے، رپورٹ کا انتظار ہے، موقع سے تمام شواہد اکٹھے کیے گئے ہیں اور واقعے کے تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔
متاثرہ فیملی نے مقتولہ کے سسر اصغر علی کو بھی گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ لڑکی کا سسر مقدمے میں نامزد ہے جسے ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا، امید ہے پنجاب پولیس انصاف کیلئے قانون کے تمام تقاضے پوری کرے گی۔
مزید پڑھیں: بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، رجسٹرڈ خواتین کیلئے نئی اہم ہدایات جاری















