اہم خبریں

موسم نے کروٹ لے لی، بارش کا نیا سلسلہ متوقع

ملک کے مختلف علاقوں میں موسم نے کروٹ لے لی ہے اور 23 اگست تک بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوچکا ہے، جس کے باعث کئی مقامات پر بارش کے ساتھ تیز ہوائیں اور گرج چمک بھی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج شام سے 23 اگست تک آزاد کشمیر، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، بالائی پنجاب اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش ہوسکتی ہے۔ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

آزاد کشمیر میں نیلم ویلی، مظفرآباد، راولاکوٹ، باغ، حویلی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور سمیت مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ خیبر پختونخوا کے چترال، سوات، کوہستان، ملاکنڈ، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، شانگلہ، بونیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، پشاور اور مردان میں بھی بادل برس سکتے ہیں۔

پنجاب میں اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، اٹک، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد اور ساہیوال کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان بتایا گیا ہے۔ ڈیرہ غازی خان میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

گلگت بلتستان میں استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، غانچے اور نگر کے علاقوں میں بھی 23 اگست تک بارش ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں آج اور کل موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔ تاہم موسیٰ خیل، بارکھان، ژوب، قلات اور خضدار میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان موجود ہے۔

23 اگست تک بارش کے باعث شہریوں کو سفر کے دوران موسم کی صورتحال پر نظر رکھنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں