اسلام آباد (اے بی این نیوز) بانی پی ٹی آئی کو آج رات شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ ان کی منتقلی کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق آئی جی اسلام آباد نے پولیس افسران کے ہمراہ شفا انٹرنیشنل ہسپتال کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ہسپتال کے باہر سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے جبکہ پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو دو روز کے اندر شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی سے متعلق سوال پر کہا کہ رات 12 بجے تک وقت موجود ہے، یہ معاملہ اسلام آباد انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اور متعلقہ حکام جو کرنا ہے، وہ کر رہے ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو دو دن میں ہسپتال منتقل کرنے کا کہا ہے، امید ہے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد ہوگا اور انہیں ہسپتال منتقل کردیا جائے گا۔
بیرسٹر گوہر نے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان ملاقات کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ ملاقاتیں ہمیشہ ہونی چاہئیں، کیونکہ ملاقات نہ ہونے سے مسائل جنم لیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی قوت کو راستہ نہیں دیا جا رہا، پارٹی کے لیڈر سے ملاقاتیں نہیں ہورہیں اور ہسپتال منتقلی میں بھی رکاوٹ کا سامنا ہے، یہ صورتحال ختم ہونی چاہیے۔
خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی سے متعلق عدالتی حکم پر عملدرآمد کے لیے حکومت کے پاس آج رات 12 بجے تک کا وقت ہے۔ عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں پی ٹی آئی نے حکومت کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی تیاری کرلی ہے۔
پی ٹی آئی کے وکیل کے مطابق عدالتی حکم پر عمل نہ ہونے کی صورت میں کل توہین عدالت کی درخواست دائر کی جائے گی۔
پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے آج کے دن کو فیصلہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت عدالتی حکم کے خلاف نظرثانی کی درخواست واپس لے چکی ہے، اب اس کے پاس بانی پی ٹی آئی کو ہسپتال منتقل کرنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔
اس سے قبل سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی کے حکم کے خلاف حکومت کی نظرثانی درخواست اعتراضات کے ساتھ واپس کردی تھی۔ حکومت کی جانب سے اعتراضات دور کرکے نئی درخواست تاحال دائر نہیں کی گئی۔
مزید پڑھیں:بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی کی تیاریاں، اہم پیش رفت سامنے آگئی















