اسلام آباد ( اے بی این نیوز )’قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ بشریٰ بی بی پی ٹی آئی کو لیڈ کریں گی‘وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ قیاس آرائیاں ہیں کہ بشریٰ بی بی پی ٹی آئی کو لیڈ کریں گی، اگر وہ پارٹی کو لیڈ کرتی ہیں تو یہ ان کا حق ہے تاہم عمران خان کی بہنیں بھی مخصوص انداز میں سیاست میں آچکی ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا کہ آئینی ترمیم کے حوالے سے پی ٹی آئی لیڈران کے قول و فعل میں تضاد تھا، ایک طرف بیرسٹر گوہر کہہ رہے تھے اب ترمیم کا مسودہ قابل قبول ہے اور پی ٹی آئی کے دیگر لوگوں نے بھی کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے مسودے پر بات ہوسکتی ہے، جس پر بعد میں ووٹنگ بھی ہوئی۔
مصدق ملک نے کہا ’مجھے نہیں معلوم کہ میں پی ٹی آئی کے زین قریشی کی بات مانوں یا ان کی مانوں جو زین قریشی پر الزام لگا رہے تھے، کن کی بات مانوں، کیا ان کی بات مانوں جن کے بارے میں کہا گیا کہ انہوں نے پیسے لیے لیکن ووٹ نہیں دیے، یا ان لوگوں کی بات مانوں جن کے بارے میں کہا گیا کہ انہوں نے ووٹ دے مگر پیسے نہیں لیے۔
انہوں نے کہا کہ کیا وہ علی امین گنڈاپور کی بات پر یقین کریں، جو گریبان چاک کرکے پنجاب کی سرحد تک آتے ہیں پھر وہاں سے گھوم جاتے ہیں، یا پھر وہ کے پی ہاؤس سے گم جاتے ہیں۔ کچھ سمجھ آتی ہے آپ کو، بعض مرتبہ تو علی امین گنڈاپور ٹام اینڈ جیری کا کارٹون لگتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کو عدالت نے ضمانت دی ہے وہ کہیں بھی جائیں، اپنے گھر جائیں یا کہیں اور ان کی مرضی ہے، انہوں نے مناسب سمجھا کہ وہ خیبرپختونخوا جائیں، وہ خیبرپختونخوا چلی گئی تو ہمیں کیا اعتراض ہے۔کیا آپ کو لگتا ہے کہ بشریٰ بی بی کی ضمانت کسی مفاہمت سے نہیں ہوئی؟ اس سوال کے جواب میں مصدق ملک نے کہا کہ مجھے اس سے کوئی غرض نہیں ہے۔ انہوں نے عدالتوں سے کوئی مفاہمت کی ہے تو مجھے نہیں معلوم۔ عدالتوں کو مفاہمت کرنی تو نہیں چاہیے، جب سب کیسز میں ضمانتیں ہوجاتی ہیں تو بندہ جیل سے نکل ہی جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا شیرازہ بکھرا ہوا ہے، پی ٹی آئی میں جن لوگوں کی کچھ حیثیت تھی یا جو سیاسی لوگ تھے، وہ پارٹی چھوڑ گئے ہیں۔ زین قریشی کو بھی شوکاز نوٹس مل گیا۔ ان کے والد پہلے ہی جیل میں ہیں۔ پی ٹی آئی میں اب کوئی پرانا سیاستدان نظر نہیں آرہا۔ اب پی ٹی آئی میں سیاسی شکل میں لیگل ٹیم سامنے آئی ہے۔ اس لیگل ٹیم میں بھی کئی لیگل ٹیمیں ہیں۔ بیرسٹر گوہر ایک بات کرتے ہیں تو شیرافضل مروت دوسری بات کرتے ہیں۔
مصدق ملک نے کہا کہ اب چونکہ پی ٹی آئی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اس لیے قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ شاید بشریٰ بی بی پی ٹی آئی کو لیڈ کریں، اگر وہ لیڈ کریں تو یہ ان کا حق ہے، عمران خان کی بہنیں بھی خاص انداز سے سیاست میں ہیں، وہ بھی لیڈ کرسکتی ہیں۔
مزید پڑھیں :بلو چستان نیشنل پارٹی اختر مینگل کے سابق ایم پی اے اختر حسین لانگو گرفتار