اسلام آباد (اے بی این نیوز) حکومت نے صوبوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے 7 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے گندم کی درآمد کے لیے بین الاقوامی ٹینڈر جاری کردیا ہے۔ گندم کراچی اور گوادر بندرگاہوں پر سی ایف آر بنیاد پر درآمد کی جائے گی، جبکہ درآمد کی جانے والی گندم تازہ ترین فصل سے حاصل کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 50 ہزار میٹرک ٹن سے کم گندم کی پیشکش قبول نہیں کی جائے گی۔ درآمد کی جانے والی گندم صوبوں کی ضروریات کے مطابق تقسیم کی جائے گی۔
تقسیم کے تحت سندھ کو 3 لاکھ ٹن، پنجاب کو 2 لاکھ 50 ہزار ٹن اور خیبرپختونخوا کو 2 لاکھ ٹن گندم فراہم کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت کمیٹی نے 7 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دی۔ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے صوبوں کی درخواست پر 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی اصولی منظوری دی تھی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان میں سالانہ گندم کی کھپت تقریباً 3 کروڑ 13 لاکھ ٹن ہے، جبکہ رواں سال گندم کی پیداوار تقریباً 2 کروڑ 96 لاکھ ٹن رہنے کا اندازہ ہے۔ یوں پیداوار اور کھپت میں تقریباً 17 لاکھ ٹن کا فرق پیدا ہونے کا امکان ہے۔
اقتصادی سروے 2025-26 کے مطابق گندم کی پیداوار 2 کروڑ 96 لاکھ 10 ہزار ٹن رہی۔ ذرائع کے مطابق جولائی کے پہلے ہفتے تک پاسکو کے پاس 17 لاکھ 83 ہزار ٹن گندم موجود تھی۔
حکومت کی جانب سے گندم درآمد کرنے کا فیصلہ ملک میں گندم کی دستیابی یقینی بنانے اور صوبوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:عوام پر پیٹرول بم گر گیا، پیٹرول اور ڈیزل مزید مہنگا















