اسلام آباد (اے بی این نیوز) اطالوی جمہوریہ کے نئے سفیر یوگو سیارلاتانی نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے باضابطہ ملاقات کی۔
ملاقات کے موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں تعیناتی پر نئے اطالوی سفیر کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان بہترین دوطرفہ تعلقات قائم ہیں۔
وزیراعظم نے اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ساتھ اپنی سابقہ ملاقاتوں کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے جارجیا میلونی کے مسلسل چار سال تک منصب پر فائز رہنے پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اٹلی کی طویل ترین مدت تک خدمات انجام دینے والی رہنما بن گئی ہیں۔
اطالوی سفیر یوگو سیارلاتانی نے ملاقات کا موقع فراہم کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اپنی تعیناتی کے دوران پاکستان اور اٹلی کے تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مستحکم بنانے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔
انہوں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستانی حکومت کے ساتھ قریبی تعاون سے کام کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گا۔ انہوں نے بالخصوص زراعت، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، صنعت، ٹیکسٹائل اور عوامی سطح پر روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
مزید پڑھیں:پنجاب حکومت کا بڑا فیصلہ، 7 افسران کے تقرر و تبادلے















