اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) اسلام آباد میں عید الضحٰی کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے
چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت جمعہ کے روز عیدالضحیٰ انتظامات کےحوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا. اجلاس میں،ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، سی ڈی اے، آئی سی ٹی اور اسلام آباد پولیس کے سنئیر افسران نے شرکت کی۔
چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آبادمحمد علی رندھاوا کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد تمام انتظامات کی نگرانی کریں گے۔ عیدالضحی کے مو قع خصوصی آپریشن کو مانیٹر کرنے کے لئے اسلام آباد سیف سٹی میں مرکزی کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے.یہ کنٹرول روم ڈی آئی جی آپریشنز اور ڈپٹی کمشنر کی نگرانی مین کام کرے گا۔
چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر تمام مساجد، امام بارگاہوں، مارکیٹوں، اہم عمارات سمیت عوامی مقامات پر سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ عیدالضحی کے موقع پر شہر میں صفائی کے خصوصی آپریشن کو کامیاب بنانے کیلئے سینی ٹیشن کے افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں ہیں.سی ڈی اے افسران کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنرز بھی اس خصوصی آپریشن کی نگرانی کریں گے۔
اجلاس کو بتایا کہ مزید 2500 سے زائد عملہ خصوصی صفائی آپریشن میں حصہ لے گا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ صفائی کے خصوصی آپریشن میں 200 سے زائد گاڑیاں استعمال میں لائی جائیں گی جن میں ٹریکٹر ٹرالیاں، گاربیج کمپیکٹر، اسکپ لفٹر، ٹرک ڈمپر، فرنٹ لوڈر، شاول سمیت ڈوزر اور دیگر مشنری شامل ہے۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ صفائی کو یقینی بنانے کے لئے شہر کو پانچ (05) زون میں تقسیم کر دیا گیا ہے. زون ون میں ایف فائیو، ایف سکس، بلیو ایریا اور سیدپور شامل ہیں جبکہ زون ٹو میں فیصل مسجد، ای سیون، ایف سیون، ایف ایٹ اور جی ایٹ شامل ہیں. اسی طرح زون تھری میں ایف ٹین، ایف الیون، گولڑہ شریف، جی نائن، جی ٹین، جی الیون شامل ہیں جبکہ زون فور ایچ ایٹ، ایچ نائن، ایچ ٹین، ایچ الیون، آئی ایٹ، آئی نائن، آئی ٹین، آئی الیون پر مشتمل ہے. اسی طرح زون فائیو میں ہائی وے، ماڈل ویلج ہمک، شہزاد ٹاؤن، راول ٹاؤن، مارگلہ ٹاؤن شامل ہیں. ہر زون کی نگرانی چیف سینٹری انسپکٹر کرے گا جبکہ سیکٹرز میں سینٹری انسپکٹر اور سپروائزر اپنی خدمات سر انجام دیں گے.
اجلاس میں بتایا گیا کہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں سے قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے اور صفائی کے حوالے سے بھی خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔
قربانی کے جانوروں کی اوجھڑیاں اور دیگر آلائشوں کو تلف کرنے کے لئے 56 مختلف مقامات پر 103 سے زائد گڑھے کھودے گئے ہیں.
عیدالضحٰی پر اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں میں بائیو ڈیگریڈ ایبل بیگ بھی مفت تقسیم کئے جارہے ہیں جن میں جانوروں کی آلائشیں ڈال کر تلف کی جا ئیں گی۔
سی ڈی اے انتظامیہ نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کی ہے کہ وہ عملہ صفائی کے ساتھ تعاون کریں اور قربانی کے جانور جہاں ذبح ہوں، ان کی اْوجھڑیاں اور دیگر آلائشیں وہیں رکھیں، تاکہ عملہ صفائی اس کو فوری طور پر اْٹھا کرلے جائے. سی ڈی اے انتظامیہ نے اپیل کرتے ہوئے شہریوں سے مزید کہا کہ اوجھڑیاں نالوں، جنگلوں وغیرہ میں نہ ہرگز پھینکیں اور کوڑے دانوں اور گاربیج ٹرالیوں و اسکپوں میں بھی نہ ڈالیں بصورت دیگر خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مزید برآں تمام پرائیویٹ و کوآپریٹیو ہاوسنگ سوسائٹیوں کی مینجمنٹ کمیٹیوں کے ساتھ رابطہ میں رہ کر آلائشوں کو سائنٹفک بنیادوں پر تلف کیا جائے گا.
عیدالاضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی کے نظام کو یقینی بنانے کے لئے مرکزی کنٹرول روم اسلام آباد سیف سٹی واقع سیکٹر H-11 میں قائم کیا گیا ہے. اسی طرح سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے مرکزی دفتر واقع جی سکس ون فور اور ٹرانسپورٹ سیکشن واقع فائر ہیڈ کوارٹرز، جی سیون فور میں دو ایمرجنسی سینٹر بھی قائم کردئیے گئے ہیں۔
واضح رہے شہری صفائی کے حوالے سے یا اْوجھڑیاں وغیرہ اٹھوانے کے لئے سینی ٹیشن ہیلپ لائن نمبر 1334 یا 9213908 اور ٹیلی فون 9203216، 9211555 9223171, پر بھی رابطہ کرسکتے ہیں. اسی طرح واٹس ایپ پیغام (What’s App Message) یا ایس ایم ایس(SMS) کے ذریعے نمبر 03355001213 پر بھی اپنے پیغامات بھیج سکتے ہیں۔
چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ شہریوں کے بھرپور تعاون اور دی گئی ہدایات پر عملدرآمد سے ہی مطلوبہ نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں اور بروقت صفائی سے شہر کو تعفن و بیماریوں سے بھی بچایا جاسکتا ہے۔
مزید پڑھیں :منی لانڈرنگ کیس، مونس الہٰی سمیت 6ملزم اشتہاری قرار















