محکمہ موسمیات نے سندھ ہیٹ ویو الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھ سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق بالائی فضاء میں موجود ہائی پریشر ایریا مزید مضبوط ہو رہا ہے جس کے باعث 31 مئی تک شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سکھر، لاڑکانہ اور دادو سمیت کئی علاقوں میں درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ تھرپارکر، بدین، حیدر آباد، میرپورخاص اور جامشورو میں بھی شدید گرمی پڑنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جہاں پارہ 44 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے۔
حکام نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور خواتین کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے تاکہ ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی جیسے مسائل سے بچا جا سکے۔
محکمہ موسمیات نے کاشتکاروں کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ فصلوں اور مویشیوں کی حفاظت کیلئے ضروری اقدامات کریں کیونکہ شدید گرمی زرعی سرگرمیوں کو متاثر کر سکتی ہے۔
دوسری جانب کراچی میں موسم نسبتاً بہتر رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پیر اور منگل کو شہر کا درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری جبکہ بدھ کو 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔ شہر میں سمندری ہوائیں چلنے کے باعث گرمی کی شدت دیگر شہروں کے مقابلے میں کم محسوس ہوگی۔















